چیرلا پلی جیل میں ڈاکٹرس کی کمی ، قیدی کی عدالت میں درخواست ، جمعرات کو سماعت

حیدرآباد ۔ 23 ۔ ستمبر : ( ایجنسیز ) : چیرلا پلی جیل میں قیدیوں کے طبی معائنہ کے لیے ڈاکٹرس کی کمی کے خلاف ایک قیدی نے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا ۔ درخواست گذار قیدی صلاح الدین جو کہ پارک ووڈ انٹرنیشنل اسکول بچوں کے استحصال کیس میں ماخوذ ہیں نے عدالت میں درخواست داخل کی کہ جیل میں میڈیکل اسٹاف نہیں ہے ۔ بی آئی ایل بنچ نے اس کیس کی سماعت کو جمعرات تک ملتوی کرتے ہوئے حکومت تلنگانہ سے داخل کی گئی درخواست پر فوری طور پر جواب داخل کرنے کے لیے کہا ہے ۔ درخواست گذار قیدی نے کہا کہ جیل میں ڈینٹسٹ ( دانتوں کے ڈاکٹر ) اور سائیکاٹرسٹ امراض سے متاثرہ مریض قیدیوں کا معائنہ کرتے ہیں جو کہ میڈیکل کونسل آف انڈیا قواعد کی صریحاً خلاف ورزی ہے ۔ قانون حق اطلاعات کے ذریعہ اس بات کا پتہ چلا ہے کہ جیل میں مختلف امراض کے لیے ڈاکٹرس نہیں ہیں ۔ پی آئی ایل بنچ نے حکومت تلنگانہ سے اس بات کی وضاحت چاہتے ہوئے استفسار کیا ہے کہ آیا یہ قانون حق اطلاعات کے مطابق صحیح ہے اور اگر یہ سچ ہے تب ڈاکٹرس کا تقرر عمل میں لایا جائے ۔ جمعرات کے روز چیف جسٹس کلیان جیوتی سین گپتا اور جسٹس پی وی سنجے کمار پر مشتمل بنچ اس کیس کی سماعت کرے گی ۔۔