جناب زاہد علی خان ایڈیٹر سیاست کے ہاتھوں مقتول کی بیوہ کو رقمی امداد
حیدرآباد 26 اپریل (سیاست نیوز) کنوینر تلنگانہ آٹو ڈرائیورس جوائنٹ ایکشن کمیٹی مسٹر محمد امان اللہ خان نے بتایا کہ مقتول آٹو ڈرائیور آنند کا ایک تعزیتی جلسہ 29 اپریل چہارشنبہ کو پریس کلب بشیر باغ منعقد کیا جائے گا۔ جس میں ایڈیٹر روزنامہ سیاست جناب زاہد علی خاں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔ مسٹر محمد امان اللہ خان آج یہاں پریس کانفرنس کو مخاطب تھے۔ اُنھوں نے بتایا کہ مقتول آنند کے ورثاء کو کمیٹی کی جانب سے دی جانے والی ایک لاکھ روپئے کی مالی امداد کا چیک ایڈیٹر روزنامہ سیاست جناب زاہد علی خان کے ہاتھوں مقتول کی بیوہ کے حوالے کیا جائے گا۔ اُنھوں نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ وہ آٹو ڈرائیور آنند کے قتل کے پس پردہ حقیقی خاطیوں کا پتہ لگاتے ہوئے انھیں کیفر و کردار تک پہنچایا جائے۔ اُنھوں نے حکومت سے یہ بھی مطالبہ کیاکہ وہ مقتول کے ورثاء کو 10 لاکھ روپئے ایکس گریشیاء کی ادائیگی کے علاوہ دیگر مراعات فراہم کئے جائیں۔ اس موقع پر تلنگانہ آٹو ڈرائیورس جوائنٹ ایکشن کمیٹی قائدین مسرز جے رویندر، محمد دستگیر، کے لکشمی نرسیا، سید غوث لکی، سید شاکر الدین، سید جبران حسین بھی موجود تھے۔