حیدرآباد 27 ستمبر (این ایس ایس) حیدرآباد میٹرو پولیٹن واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ (ایچ ایم ڈبلیو ایس اینڈ ایس بی) کے بموجب 30 ستمبر کو شہر کے بعض علاقوں میں سربراہی آب مسدود رہے گی۔ ذرائع کے بموجب رنگ مین ایک کرشنا ڈرنکنگ واٹر سپلائی پراجکٹ فیز II جوکہ صاحب نگر اور مائیلاردیو پلی پمپ اسٹیشن سے مربوط ہے کی مرمت عمل میں لائی جارہی ہے جس کے پیش نظر 30 ستمبر کو صبح 6 تا یکم اکٹوبر کی صبح 6 بجے تک یعنی 24 گھنٹوں تک پانی کی سربراہی عمل میں نہیں آئے گی۔ جس کے باعث شہر کے مختلف علاقہ جات جیسے الماس گوڑہ راجیو گروہا کلپا اے آر سی آئی بالاپور، پھسل بنڈہ، ریاست نگر، معین باغ، فتح شاہ نگر، شمس آباد، مدھانی، ڈی آر ڈی ایل، آر سی آئی سی آر پی ایف، اپو گوڑہ، سائی بابا نگر، شیواجی نگر، للیتا باغ اور جی ایم نگر میں سربراہی آب مسدود رہے گی۔