چھ ماہ میں 6000 اسٹیشنوں کو وائی فائی سے مربوط کرنے ریلویز کا منصوبہ

نئی دہلی 28 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) وزیر ریلوے پیوش گوئیل نے کہا ہے کہ آئندہ چھ، آٹھ مہینوں میں 6000 ریلوے اسٹیشنوں کو وائی فائی سے مربوط کیا جائے گا۔ فیڈریشن آف انڈین چیمبرس آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے زیراہتمام اسمارٹ ریلویز کانکلیو سے خطاب کرتے ہوئے گوئیل نے کہاکہ ریلویز اسمارٹ پراجکٹ پر عمل آوری پر توجہ مرکوز کررہی ہے۔ انھوں نے مزید کہاکہ ’’ہم اگر یہ سمجھتے ہیں کہ ہمارے پاس ڈیجیٹل ٹیکنالوجی ہے تو ہمیں اس کی ملک کے دور دراز اور انتہائی اندرونی علاقہ تک اس کی رسائی کو یقینی بنانا ہوگا۔ چنانچہ ریلوے اپنے نیٹ ورک کے آخری کونے تک اس ٹیکنالوجی کی وسعت کو یقینی بنانے پر توجہ مرکوز کررہی ہے۔ ہمیں اُمید ہے کہ آئندہ چھ ، آٹھ مہینوں کے دوران 6000 ریلوے اسٹیشنوں کو وائی فائی سے مربوط کیا جائے گا‘‘۔