چھ امریکی شہروں میں نئے ہندوستانی ویزا سنٹرس

واشنگٹن ، 20 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ایمبیسی نے امریکہ میں جس نئی کمپنی کو یہاں کے اپنے سفارتخانوں کے لئے ویزا سے متعلق کام تفویض کیا ہے ، وہ امریکہ کے 6 شہروں میں سرویس سنٹروں کا افتتاح عمل میں لارہی ہے ۔ واشنگٹن ڈی سی ، نیویارک ، اٹلانٹا ، شکاگو ، ہوسٹن اور سان فرانسسکو میں سرویس سنٹرس 21 مئی سے کام شروع کردیں گے ، جہاں انڈین ویزا کی تمام تر ضروریات کی تکمیل ہوگی ، ہندوستان کے سمندر پار مقیم شہریوں ، ہندوستانی نژاد افراد اور ہندوستانی شہریت ترک کرنے سے متعلق تمام تر اُمور کے ضوابط کی تکمیل کی جائے گی ۔ کاکس اینڈ کنگس گلوبل سرویسیس نے کل ان باتوں کا اعلان کیا۔ قبل ازیں اس ماہ کے اوائل واشنگٹن ڈی سی میں انڈین ایمبیسی نے اعلان کیا تھا کہ وہ امریکہ میں ویزا اور متعلقہ خدمات کی آؤٹ سورسنگ کے لئے کاکس کمپنی کو ذمہ داری سونپ رہی ہے ۔ ہندوستانی ایمبیسی کے ساتھ کام کرنے والی یہ تیسری کمپنی ہے ۔