چھگن بھوجبل کے خلاف ایک اور کرپشن کیس

ممبئی ۔ 28 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) نیشلسٹ کانگریس پارٹی لیڈر چھگن بھوجبل ایک نئی مصیبت میں پھنس گئے جبکہ اینٹی کرپشن بیورو نے آج ممبئی یونیورسٹی کی سنٹرل لائبریری (کلینا کیمپس) کیلئے کنٹراکٹ کی منظوری میں مبینہ رشوت ستانی کیس میں سابق وزیر ریاستی وزیر کے خلاف 17.400 صفحات پر مشتمل چارج شیٹ پیش کردیا۔ مسٹر چھگن بھوجبل مہاراشٹرا سدن تعمیراتی اسکام کے سلسلہ میں منی لینڈرینگ کیس میں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی جانب سے 14 مارچ کو گرفتار کئے جانے کے بعد فی الحال آرتھرور روڈ جیل میں محروس ہیں۔ اینٹی کرپشن بیورو نے بھوبجل اور دیگر 6 افراد بشمول اسٹیٹ پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں کے خلاف مجرمانہ سازش کرپشن ، دھوکہ دہی اور جعلسازی کے الزام میں دستاویزی ثبوت کے ساتھ چارج شیٹ پیش کیا ہے ۔