چھٹے مرحلہ میں ریکارڈ رائے دہی، غیرمعمولی عوامی دلچسپی

نئی دہلی ۔ 24 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا انتخابات کے چھٹے مرحلہ میں آج غیرمعمولی زیادہ رائے دہی ریکارڈ کی گئی۔ 12 ریاستوں میں 117 نشستوں کیلئے آج رائے دہی مقرر تھی جن میں ٹاملناڈو بھی شامل ہے جہاں تمام 39 لوک سبھا نشستوں کیلئے ایک ہی مرحلہ میں رائے دہی کا اہتمام کیا گیا تھا اور 73 فیصد عوام نے حق رائے دہی سے استفادہ کیا۔ آج تشدد کے بھی چند واقعات پیش آئے اور جھارکھنڈ و آسام میں جملہ 6 افراد ہلاک ہوئے۔ لوک سبھا کی 543 کے منجملہ 349 نشستوں پر رائے دہی کا عمل مکمل ہوگیا ہے۔ جھارکھنڈ کے ضلع ڈمکا میں مشتبہ ماوسٹوں نے ایک گاڑی کو دھماکہ سے اڑا دیا جس میں 5 پولنگ اور پولیس عملہ ہلاک اور چند دیگر زخمی ہوئے۔ اس کے علاوہ آسام کے ضلع کوکرجھار میں پولنگ بوتھ پر قبضہ کی کوشش کررہے ہجوم پر بی ایس ایف نے فائرنگ کی جس میں ایک پولیس اہلکار ہلاک ہوگیا۔ آج تمام 11 ریاستوں اور پڈوچیری میں 2009ء کے مقابلہ رائے دہی کا فیصد کافی زیادہ رہا۔ یہی نہیں بلکہ گذشتہ 5 مراحل کی رائے دہی کے مقابلہ اس بار عوام کی کثیر تعداد نے اپنے حق کا استعمال کیا ہے۔

پڈوچیری کی واحد لوک سبھا نشست کیلئے 83 فیصد ریکارڈ رائے دہی درج کی گئی جس کے بعد مغربی بنگال میں 6 نشستوں کیلئے 82 فیصد، ٹاملناڈو میں 39 نشستوں کیلئے 73 فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی۔ راجستھان میں جہاں 5 نشستوں کیلئے رائے دہی ہوئی اس کا فیصد 59.2 اور مہاراشٹرا کی 19 نشستوں کیلئے 55.33 فیصد رہا۔ جموں و کشمیر کی لوک سبھا نشست اننت ناگ میں جہاں پی ڈی پی سربراہ محبوبہ مفتی مقابلہ میں شریک ہیں، سب سے کم 28 فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی لیکن 5 سال قبل یہاں 26.9 فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی۔ رائے دہندوں نے اپنے ووٹ کا استعمال کرتے ہوئے جملہ 2,076 امیدواروں کی سیاسی قسمت کا فیصلہ کیا ہے جو ووٹنگ مشینوں میں بند ہوگیا ہے ۔ آج جن حلقوں میں رائے دہی ہوئی ان کے اہم امیدواروں میں مرکزی وزیر خارجہ سلمان خورشید ‘ سماجوادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو ‘ کرکٹر سے سیاستدان بننے والے محمد اظہر الدین ‘ سشما سواراج اور دوسرے شامل ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹاملناڈو میں آل انڈیا انا ڈی ایم کے کی سربراہ نے بھی پارلیمنٹ کیلئے مقابلہ کیا ہے جبکہ وہ ٹاملناڈو کی چیف منسٹر ہیں۔ آج بھی ہوئی رائے دہی کے دوران رائے دہندوں میں جوش و خروش دکھائی دیا اور رائے دہی کا تناسب پہلے سے قدرے بہتر دکھائی دیا ۔ آج کی رائے دہی میں وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے آسام میں اپنے ووٹ کا استعمال کیا ۔

ممبئی میں ووٹ ڈالنے والے اہم افراد میں اداکار عامر خان ‘ ابھیشیک بچن ‘ ان کی شریک حیات ایشوریہ رائے بچن ‘ بالی ووڈ میگا اسٹار امیتابھ بچن ‘ کانگریس کے رکن راجیہ سبھا اور کرکٹر سچن تنڈولکر اور دوسرے شامل ہیں۔ ودیا بالن نے بھی آج اپنے ووٹ کا استعمال کیا ۔ ممبئی میں کانگریس امیدوارہ اور اداکارسنجے دت کی بہن پریہ دت نے بھی اپنے ووٹ کا استعمال کیا ۔ آج صبح ہی سے مختلف ریاستوں میں رائے دہندوں کی ایک کثیر تعداد اپنے ووٹ کا استعمال کرنے کیلئے پولنگ بوتھس تک پہونچ گئی تھی اور چلچلاتی دھوپ کے باوجود رائے دہندوں نے روایتی جوش و خروش کے ساتھ اپنے ووٹ کا استعمال کرتے ہوئے امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کردیا ہے ۔ الیکشن کمیشن نے آج بتایا کہ آسام اور جموں و کشمیر میں چند واقعات کے ماسواء رائے دہی مجموعی طور پر پرامن رہی۔ ڈائرکٹر جنرل الیکشن کمیشن اکشے راوت نے بتایا کہ چھٹے مرحلہ کی رائے دہی میں عوام نے زیادہ تعداد میں پولنگ بوتھ پہنچ کر اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کیا۔ انہوں نے آج کی رائے دہی کا 2009ء سے موازنہ کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک کی سب سے زیادہ رائے دہی ریکارڈ کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہی رجحان برقرار رہا تو 2014ء کے لوک سبھا انتخابات میں اعظم ترین رائے دہی ریکارڈ ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ 349 حلقوں میں جملہ 35 کروڑ رائے دہندوں نے اپنے حق سے استفادہ کیا۔

2009ء لوک سبھا انتخابات میں ان ہی حلقوں میں جملہ رائے دہندگان جنہوں نے اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کیا تھا ان کی تعداد 21.49 کروڑ تھی۔ اس دوران ڈپٹی الیکشن کمیشن ونود زیوتشی نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کئی پولنگ اسٹیشنس پر الیکٹرانک ووٹنگ مشین میں خرابی کی مختلف اطلاعات موصول ہورہی ہیں لیکن یہ واقعات توقع سے بہت کم ہے۔ انہوں نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کا دفاع کیا اور بتایا کہ خرابی کی شرح 0.3 فیصد رہی جو توقع سے بالکل کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمثیلی رائے دہی میں تمام خامیوں کو دور کرلیا گیا ہے۔ مغربی بنگال میں آج حقیقی رائے دہی شروع ہونے سے قبل تمثیلی رائے دہی میں 44 الیکٹرانگ ووٹنگ مشین تبدیل کردیئے گئے۔