چھوٹے شہروں میں ہوائی سفر فراہم کرنے پر غور

مرکزی شہری ہوا بازی کی جانب سے ملک بھر ہوائی سہولت میں وسعت کا منصوبہ
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اگست (سیاست نیوز) حکومت کی جانب سے چھوٹے شہروں کیلئے ہوائی سفر کی سہولت فراہم کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔ مرکزی شہری ہوا بازی کی جانب سے ملک بھر میں موجود چھوٹے شہروں تک ہوائی سفر کو وسعت دینے کیلئے منصوبہ بندی کا عمل جاری ہے ۔ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے گجویل کے قریب نئے ایرپورٹ کی تعمیر کے منصوبے کا جو اعلان کیا ہے ، اس سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ مرکزی حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات سے ریاست کو بہتر فائدہ حاصل ہو، اس کے لئے ریاستی حکومت کی جانب سے بھی منصوبہ بندی عروج پر ہے۔ مرکزی شہری ہوابازی کی جانب سے کئے جانے والے ان اقدامات سے ملک بھر کے کئی ایسے شہروں کو ہوائی سفر سے مربوط کیا جاسکتا ہے جو چھوٹے ایرپورٹ رکھتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ اس سلسلہ میں مختلف نان شیڈول ایرلائین سے مرکزی شہری ہوا بازی کی جانب سے مشاورت کا عمل جاری ہے۔ ذرائع کے بموجب ڈائرکٹر جنرل آف سیول ایویشن کے عہدیدار اس اقدام کو شہری ہوا بازی کے مفاد میں قرار دیتے ہوئے یہ دلیل پیش کر رہے ہیں کہ اس اقدام کے ذریعہ کمرشیل ٹرافک میں اضافہ ہوسکتا ہے اور صورتحال کو مزید بہتر بنایا جاسکتا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس سلسلہ میں بہت جلد ڈی جی سی اے کے رہنمایانہ خطوط میں تبدیلی پر غور کیا جائے گا ۔ مرکزی شہری ہوابازی کی جانب سے تاحال 87 ایسے چھوٹے شہر اور مواضعات کی نشاندہی کی گئی جنہیں ملک کے دیگر بڑے شہروں بالخصوص میٹرو شہروں سے جوڑا جاسکتا ہے۔