پٹنہ۔ 3 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک نیا تنازعہ پیدا کرتے ہوئے چیف منسٹر بہار جتن رام مانجھی نے آج کہا کہ چھوٹے تاجروں کی اشیاء کی ذخیرہ اندوزی اور کالا بازاری کو جرم قرار نہیں دیا جانا چاہئے اور ایسی سرگرمیوں پر فکرمندی کی ضرورت بھی نہیں ہے۔ ریاست بہار کے غذائی اجناس کے تاجروں کی اسوسی ایشن کے زیراہتمام منعقدہ ایک تقریب میں چیف منسٹر بہار نے کہا کہ وہ واقف ہیں کہ چھوٹے تاجر اشیاء کی ذخیرہ اندوزی اور کالابازاری میں ملوث ہیں تاکہ نفع حاصل کرسکیں اور اپنے خاندانوں کی پرورش کرسکیں۔ بچوں کو تعلیم دلواسکیں۔ ہمیں ان سرگرمیوں پر فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ چھوٹے تاجروں کو حکومت معمولی پیمانے پر ذخیرہ اندوزی اور کالا بازاری کی سزا نہیں دے گی۔ اس تقریب میں مرکزی وزیر زراعت رادھا موہن سنگھ بھی موجود تھے جو چیف منسٹر کے بیان پر حیرت زدہ نظر آرہے تھے۔چیف منسٹر بہار عملی اعتبار سے چھوٹے تاجروں کی ذخیرہ اندوزی اور کالا بازاری کی تائید کررہے تھے۔