نئی دہلی ۔ 8 ۔ دسمبر : ( سیاست ڈاٹ کام) : لوک سبھا میں ایک کانگریس رکن نے میڈیا کی ان رپورٹس پر حکومت سے وضاحت طلب کی ہے کہ گذشتہ ہفتہ چھتیس گڑھ میں پیش آئے سی آر پی ایف ۔ ماویسٹ انکاونٹر کے مقام پر انڈین ایر فورس کے ہیلی کاپٹرس کے پہنچنے میں غیر معمولی تاخیر کی وجہ سے 14 سیکوریٹی اہلکاروں کی موت واقع ہوگئی ۔ اگر انہیں بروقت طبی علاج معالجہ فراہم کیا جاتا تو ممکن ہے کہ زخموں سے جانبر ہوجاتے تھے ۔ وقفہ صفر کے دوران یہ مسئلہ اٹھاتے ہوئے مسٹر وینوگوپال نے کہا کہ انکاونٹر کا واقعہ صبح 11-30 بجے پیش آیا لیکن انڈین ایرفورس کے ہیلی کاپٹر زخمیوں کا تخلیہ کروانے کے لیے شام 4-30 بجے پہنچے ۔ بیشتر زخمیوں کی موت ہیلی کاپٹرس کی آمد میں تاخیر کے باعث ہوئی ہے کیوں کہ زخمی پولیس ملازمین بروقت طبی امداد سے محروم تھے ۔ یہ ادعا کرتے ہوئے کہ انڈین ایر فورس نے تاخیر کا یہ عذر پیش کیا کہ انکاونٹر کا علاقہ جھاڑیوں سے بھرا ہوا ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت بالخصوص وزارت داخلہ اور دفاع میں رابطہ کا فقدان پایا جاتا ہے ۔ کانگریس ایم پی نے رائے پور ہاسپٹل مردہ خانہ کے قریب کچرا دان میں ماویسٹ کے ہاتھوں ہلاک سی آر پی ایف جوانوں کے خون سے آلودہ یونیفارمس کی دستیابی اور وہاں گوشت کے لتھڑوں کو کتوں کی غذا بن جانے کی رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے اس غیر انسانی برتاؤ کی مذمت کی ۔