چھتیس گڑھ میں 16 نکسلائٹس گرفتار

رائے پور 8 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پولیس نے آج کہاکہ 16 نکسلائٹس جن میں سے 5 گزشتہ سال سی آر پی ایف ٹیم پر مہلک حملے میں ملوث ہونے کا شبہ ہے، اُنھیں چھتیس گڑھ کے ضلع سکما سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔ محروس انتہا پسندوں میں دو خواتین شامل ہیں۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار نے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ یہ گرفتاریاں اتوار کو اسپیشل ٹاسک فورس، ڈسٹرکٹ ریزرو گارڈ اور ڈسٹرکٹ پولیس کی جوائنٹ ٹیم نے موضع مینپا سے قریب پہاڑی علاقے میں کی ہیں۔ آئندہ ماہ کے اسمبلی چناؤ کے تناظر میں سکیورٹی فورسیس نے نکسلائیٹ سے متاثرہ اضلاع کے گھننے جنگلات میں طلایہ گردی میں شدت پیدا کردی ہے تاکہ نچلے درجے کے کیڈروں کو پکڑ لیا جائے جو پولیس والوں کو نشانہ بنانے کے لئے دھماکو آلے نصب کرنے کے کام میں نمایاں رول ادا کرتے ہیں۔