رائے پور 27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) چھتیس گڑھ کے ضلع بیجاپور میں آج اسٹیٹ پولیس اور تلنگانہ کے پرسونل کے مشترکہ آپریشن میں 7 نکسلائٹس کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا۔ نیوز ایجنسی یو این آئی نے 10 نکسلائٹس کی ہلاکت اور 7 کی نعشیں برآمد ہونے کی اطلاع دی ہے۔ بیجاپور کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس موہت گارگ نے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ بندوق کی یہ لڑائی آج صبح ضلع کے موضع آئپنتا کے قریب واقع جنگل میں پیش آئی۔ تلنگانہ پولیس کی ممتاز اینٹی نیکسل یونٹ گرے ہاؤنڈس اور چھتیس گڑھ کے سکیورٹی پرسونل کے جوائنٹ اسکواڈ نے وہاں ماؤسٹوں کی موجودگی کے تعلق سے اطلاع کے پیش نظر بین ریاستی سرحد کے پاس جنگلات میں تلاشی مہم شروع کی۔ جب یہ ٹیم دارالحکومت رائے پور سے تقریباً 500 کیلو میٹر دور آئپنتا میں طلایہ گردی کررہی تھی، تب دونوں طرف سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ بندوقیں خاموش ہوئیں اور سکیورٹی فورسیس کو انکاؤنٹر کے مقام سے 7 انتہا پسندوں بشمول خواتین کی نعشیں برآمد ہوئیں۔ اُس مقام سے بعض ہتھیار اور ماؤسٹ لٹریچر بھی ضبط کئے گئے۔