رائے پور 14 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) چھتیس گڑھ کے تخریب کاری سے متاثرہ کونڈا گاؤں ضلع میں ایک کٹر ماؤیسٹ کو گرفتار کرلیا گیا ہے جس کے سر پر ایک لاکھ روپئے کا انعام تھا ۔ کہا گیا ہے کہ رائجو پوٹائی نامی 28 سالہ ماؤیسٹ کو مقامی پولیس کی ایک ٹیم نے دھنورا پولیس اسٹیشن کے حدود میں جنگل کے علاقہ سے گرفتار کرلیا ہے ۔ کونڈا گاوں کے اڈیشنل سپرنٹنڈنٹ پولیس سرجیت اتری نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ اماؤیسٹوں کی ہاچاپئی جنگلات کے علاقہ میں موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے یہ گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ گذشتہ دس سال سے رائجو سی پی آئی ماؤیسٹ تحریک سے وابستہ تھا اور وہ مقامی آپریشن اسکواڈ کا رکن تھا ۔ اس کے علاوہ وہ تلنگانہ جنتانا سرکار گروپ سے بھی تعلق رکھتا تھا ۔ وہ کئی مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا جن میں دھنورا میں پولیس اہلکاروں کا قتل ‘ سڑک تعمیراتی کام میں مصروف گاڑیوں کو نذر آتش کرنا اور سکیوریٹی فورسیس پر حملے کے علاوہ سرکاری املاک کو نقصان پہونچانے کے واقعات بھی شامل ہیں۔ کہا گیا ہے کہ اس گرفتار ماؤیسٹ سے پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے ۔