رائے پور ۔ 28 ۔ اپریل : ( سیاست ڈاٹ کام ) : چھتیس گڑھ کے سکما ڈسٹرکٹ میں آج سیکوریٹی فورسیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلہ میں کم از کم دو نکسلائٹ بشمول ایک خاتون کی ہلاکت ہوگئی ۔ پولیس کے ایک سینئیر عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ اس انکاونٹر اور مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے ۔ اس مقام سے آتشیں اسلحہ بھی ضبط کیا گیا ۔ فائرنگ کا یہ تبادلہ سکما سے متصل ضلع بیجا پور میں ایک انکاونٹر میں آٹھ نکسلائٹس بشمول چھ خواتین کی ہلاکت کے ایک دن بعد ہوا ۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ( ساوتھ کبسر رینج ) سندر راج نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ فائرنگ کے تبادلہ کا یہ تازہ واقعہ آج صبح سکما ڈسٹرکٹ کے برکاپال علاقہ میں میٹا گنڈم گاؤں کے قریب جنگلات میں پیش آیا ۔ انہوں نے کہا کہ اب تک دو نکسلائٹس بشمول ایک حاتون کی نعشوں کو 11 ہتھیاروں کے ساتھ برآمد کیا گیا ہے ۔ اس انکاونٹر کے بعد تلاشی مہم ہنوز جاری ہے ۔ سندر راج نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ریزرو گارڈ ، اسپیشل ٹاسک فورس اور کمانڈو بٹالین فار ریزولیوٹ ایکشن کی علحدہ ٹیمس کی جانب سے گذشتہ چند دنوں سے سکما میں تلاشی مہم چلائی جارہی ہے جو ریاست کے دارالحکومت رائے پور سے تقریبا 400 کلومیٹر کے فاصلہ پر واقع ہے ۔ ڈی آئی جی نے کہا کہ آج صبح جب ڈی آر جی اور ایس ٹی ایف کی مشترکہ ٹیم بُرکا پال کے اندر ڈیپ میں واقع میٹا گوڑم کے قریب جنگلاتی علاقہ میں تلاشی مہم میں مصروف تھی کہ اس اسکواڈ اور اس علاقہ میں موجود انتہا پسندوں کے گروپ کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ فائرنگ کا یہ تبادلہ تقریبا 2 گھنٹے تک جاری رہا ۔ اس کے ماوسٹس جنگلاتی علاقہ میں فرار ہوگئے اور کہا کہ اطلاعات کے مطابق فائرنگ کے اس تبادلہ میں دیگر کئی نکسلائٹس زخمی ہوگئے لیکن ان کے ساتھیوں نے انہیں وہاں سے لے جانے میں کامیاب ہوگئے ۔۔