چھتیس گڑھ میں نکسلائٹ حملہ، 7 پولیس جوان ہلاک

رائے پور، 11 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) چھتیس گڑھ میں ماؤسٹوں کے گڑھ ضلع سُکما میں آج نکسلائٹس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں سات پولیس ملازمین ہلاک اور دیگر 12 افراد زخمی ہوگئے۔ اس ضلع میں انتہا پسند سرگرمیوں سے شدید متاثرہ علاقہ پیڈمل ۔ پولم پلی میں یہ انکاؤنٹر اس وقت پیش آیا جب اسٹیٹ پولیس کا خصوصی دستہ دوپہر میں تلاشی مہم پر تھا۔ ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل پولیس (اینٹی نکسل آپریشن) آر کے وِج نے بتایا کہ انکاؤنٹر میں ہمارے دستے کے 7 اہلکار شہید اور کم از کم 12 زخمی ہوگئے۔ اُنھوں نے بتایا کہ علاقہ دورنپال ۔ چنتا کوہا میں 61 نفوس پر مشتمل اسٹیٹ ٹاسک فورس کے طاقتور دستہ کی مسلح ماؤسٹوں سے مڈبھیڑ ہوگئی، جس کے بعد دونوں طرف سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ ماضی میں اس علاقہ میں گھات لگاکر حملے اور سکیورٹی فورسیس کی ہلاکت کے واقعات پیش آچکے ہیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ انکاؤنٹر میں زخمی جوانوں کو دو ہیلی کاپٹروں کے ذریعہ جگدل پور منتقل کردیا گیا جبکہ مقام ِانکاؤنٹر پر مقامی پولیس سے اعانت اور تلاشی کارروائی کیلئے سی آر پی ایف کی دو ٹیموں کو روانہ کردیا گیا ہے۔ مہلوکین میں پلاٹون کمانڈر شنکر راؤ، ہیڈ کانسٹبل روہت سدھو، منوج بھاگل، کانسٹبل موہن وی کے، راجکمار مرکم، کرن دیشمکھ اور راجن ٹیکم شامل ہیں۔