ایک پولیس جوان ہلاک اور دوسرا شدید زخمی
رائے پور ۔ 2 ۔ دسمبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : چھتیس گڑھ کے ضلع کنیکر میں نکسلائٹس نے آج ایک سرنگ دھماکہ کردیا جس میں ایک پولیس جواں ہلاک اور دوسرا اہلکار شدید زخمی ہوگیا جب کہ آج سے ہی سی پی آئی ( ماویسٹ ) پیپلز لبریشن گوریلا آرمی کا ہفتہ منارہی ہے ۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ جتندر سنگھ منیا نے بتایاکہ سرنگ دھماکہ آج اس وقت کیا گیا جب بارڈر سیکوریٹی فورس اور ڈسٹرکٹ پولیس کی مشترکہ ٹیم تلاشی مہم کے لیے جارہی تھی یہ واقعہ کوئیلا بیڈا پولیس اسٹیشن کے حدود میں پیش آیا ۔ جس میں 2 پولیس کانسٹبل شدید زخمی ہوگئے ۔ انہیں علاج کے لیے فی الفور ہیلی کاپٹر کے ذریعہ رائے پور منتقل کردیا گیا ۔ اسسٹنٹ کانسٹبل بیجو رام پوتانی علاج کے دوران جانبر نہ ہوسکا ۔ جب کہ دوسرے کانسٹبل سنت رام نیتم کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ حملہ آوروں کو پکڑنے کے لیے اس علاقہ میں سرگرم تلاشی مہم شروع کردی گئی ہے ۔ ماویسٹوں نے اپنے مہلوک قائدین کی یاد میں آج سے 8 دسمبر تک ہفتہ پیپلز لبریشن گوریلا آرمی منانے کا اعلان کیا ۔ جس کے پیش نظر سیکوریٹی کو سخت کردیا گیا ۔ اس ہفتہ کے دوران نکسلائٹس اپنے خصوصی اجلاس اور اپنے نظریات کی تشہیر ، نئے ارکان کی بھرتی اور عسکری سرگرمیوں کا جائزہ اور سیکوریٹی فورس کو حملوں کا نشانہ بناتے ہیں ۔