چھتیس گڑھ میں ماویسٹوں کے ٹھکانہ پر پولیس کا دھاوا

راج نندگاؤں ۔ 25 ۔ جون : ( سیاست ڈاٹ کام ) : چھتیس گڑھ کے ضلع راج نند گاؤں میں گھنے جنگلات سے پولیس نے 3 جدید تین راکٹ لانچر اور 2 ڈیٹونیٹرس ضبط کر کے ماویسٹوں کے ہتھیاروں کے ایک دفینہ ( زیر زمین پوشیدہ ہتھیار ) کو بے نقاب کردیا ۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ مسٹر پی سندر راج نے بتایا کہ انڈو ۔ تبت بارڈر پولیس اور مقامی پولیس کی مشترکہ ٹیم مدن واڑہ پولیس اسٹیشن کے حدود میں واقع گھنے جنگل سے راکٹ لانچرس برآمد کرلیے ۔ انہوں نے بتایا کہ باوثوق ذرائع سے یہ اطلاع ملنے پر کہ گھنے جنگل میں جدید راکٹ لانچرس اور سرنگیں ایک گڑھے میں پوشیدہ رکھی گئی ہیں ۔ سیکوریٹی فورس کی مشترکہ ٹیم نے اس علاقہ میں تلاشی مہم کے دوران اس مقام کا پتہ چلالیا جہاں پر یہ ہتھیار چھپائے گئے ۔ یہ مقام ریاستی دارالحکومت سے 200 کلومیٹر دور واقع ہے ۔ انسداد نکسلائٹس کارروائی سے وابستہ ایک پولیس عہدیدار نے بتایا کہ سال 2005 میں ضلع نارائن پور میں دھورائی پولیس اسٹیشن کے حدود سے بھاری مقدار میں راکٹس اور لانچرس ضبط کیے گئے تھے اور ایک عرصہ کے بعد اس علاقہ میں اب ہتھیار ضبط کیے گئے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ نکسلائٹس نے انتہائی طاقتور راکٹس تیار کرلیے ہیں جس کے ذریعہ زبردست تباہی کی جاسکتی ہے۔