رائے پور 21 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) نکسلائیٹس نے آج چھتیس گڑھ میں سکما کے گھنے جنگلات میں ایک پولیس پٹرول پارٹی پر گھات لگاکر حملہ کیا اور وہاں انکاؤنٹر کے بعد سکیوریٹی عملہ کے تخلیہ میں مصروف ایک ائر فورس ہیلی کاپٹر کو بھی نشانہ بنایا ۔ ان کارروائیوںمیں سی آر پی ایف کے چھ اہلکار اور ایک انڈین ائر فورس کمانڈو زخمی ہوگیا ۔ کہا گیا ہے کہ چنگا گفتا علاقہ میں سی آر پی ایف اور ریاستی پولیس کا ایک دستہ وہاں تلاشی مہم پر گیا ہوا تھا ۔ عہدیداروں نے کہا کہ انڈین ائر فورس کا ہیلی کاپٹر 3.30 بجے کے بعد وہاں طلب کرلیا گیا تھا تاکہ سکیوریٹی اہلکاروں کو منتقل کرسکے ۔ اسے بھی ماؤیسٹوں کی فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا ہے ۔ مخالف نکسلائیٹس سرگرمیوں کیلئے متعین ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ جملہ سات سکیوریٹی اہلکار زخمی ہوئے ہیں ۔ تمام کو گولیوں کے زخم آئے ہیں ۔ زخمیوں میں چھ سی آر پی ایف اہلکار اور
ایک ائر فورس کمانڈو شامل ہے ۔ کہا گیا ہے کہ لڑائی میں زخمی ہونے والی سی آر پی ایف عملہ کے پانچ ارکان کو جب ہیلی کاپٹر تک منتقل کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی ماؤیسٹوں نے پھر فائرنگ کی ۔ اس فائرنگ میں ایک سی آر پی ایف جوان اور اس کا ایک ساتھی زخمی ہوگئے ۔ سی آر پی ایف کے انسپکٹر جنرل ( آپریشنس ) ذوالفقار حسن نے دہلی میں بتایا کہ یہ انکاؤنٹر ہنوز جاری ہے اور وہاں سکیوریٹی فورسیس کی جانب سے نکسلائیٹس کے صفایہ کی مہم جاری ہے ۔ یہ کارروائی گذشتہ چھ دن سے چل رہی ہے ۔ اس کارروائی کو بہت اہمیت دی جا رہی ہے اور اس کی قیادت سی آر پی ایف کے چھتیس گڑھ کے سربراہ و انسپکٹر جنرل ایچ ایس سدھو قیادت کر رہے ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ زخمیوں کو بحفاظت وہاں سے نکال لیا گیا ہے اور انہیں جگدلپور میں ایک دواخانہ سے رجوع کیا گیا ہے ۔ اس کارروائی میں چھ ماؤیسٹوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے ۔ سارے علاقہ کی ناکہ بندی کردی گئی ہے اور تلاشی مہم میں شدت پیدا کردی گئی ہے ۔