چھتیس گڑھ میں دو حادثات، تین نکسلائیٹس ہلاک

ایک نکسلائیٹ کی پولیس انکاؤنٹر میں ہلاکت، طلایہ گرد پارٹی پر حملہ کے بعد فائرنگ کا تبادلہ

رائے پور ۔ 3مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) تین نکسلائیٹس جن کے سر پر نقد انعام رکھا گیا، چھتیس گڑھ کے شورش پسندی سے متاثرہ ضلع سکما میں سیکوریٹی فورسیس کے ساتھ دو انکاؤنٹرس میں ہلاک ہوگئے۔ دو انتہاء پسندوں کو آج دوپہر کشتارام پولیس اسٹیشن کے حدود میں گولی ماری گئی جبکہ دیگر کی ہلاکت گذشتہ شب دیر گئے کنہائی گوڑہ۔ چنتاکونٹا علاقہ میں پیش آئی، سکما سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ابھیشیک مینا نے یہ بات بتائی۔ انہوں نے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ اسٹیٹ پولیس کی ڈسٹرکٹ ریزرو گارڈ اور اسپیشل ٹاسک فورس کی مشترکہ ٹیموں نے ان آپریشنس میں حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ جیسے ہی سیکوریٹی فورسیس نے پٹ پلی گاؤں نزد کشتارام سے قریب واقع جنگل کی ناکہ بندی کی، انتہاء پسندوں اور فورسیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ یہ علاقہ تلنگانہ کی سرحد کے پاس اور رائے پور سے تقریباً 500 کیلو میٹر دور واقع ہے۔ قبل ازیں سخت گیر نکسلائیٹ جس کے سر پر پانچ لاکھ روپئے کا انعام تھا، سیکوریٹی فورس کے ساتھ انکاؤنٹر میں ضلع سکما میں گولی مار کر ہلاک کردیا گیا ۔ پولیس کے بموجب یہ انکاؤنٹر کل رات دیر گئے پیش آیا ۔ کنہائی گوڑہ ۔ چنتل کنٹہ جنگلاتی علاقہ میں ضلع ریزرو گارڈ اور اسپیشل ٹاسک فورس کی ایک مشترکہ ٹیم انسداد نکسلائیٹس کارروائی میں مصروف تھی ‘ اس طلایہ گرد ٹیم کا محاصرہ کرلیا گیا اور ریاستی دارالحکومت سے 500کلومیٹر کے فاصلہ پر جنگلاتی علاقہ میں نکسلائٹس نے ٹیم کے ارکان پر فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجہ میں دونوں فریقین کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ عمل میں آیا ۔ فائرنگ کے بند ہونے کے بعد پولیس نے ایک ماؤسٹ کی نعش برآمد کی جو وردی میں ملبوس تھا ۔ سپرنٹنڈنٹ پولیس مینا کے بموجب ایک پستول ‘ بعض دھماکو مادے اور روزمرہ کے استعمال کی اشیاء اس کے قبضہ سے ضبط کرلیں گئیں ۔ مہلوک نکسلائیٹ کی شناخت سویم کی حیثیت سے کی گئی ہے ‘ جو کونڈا علاقہ کی نکسلائٹ کی کمیٹی کا رکن تھا۔ مہلوک نکسلائٹ ‘ کے سرپر پانچ لاکھ روپئے کا انعام رکھا گیاتھا اور وہ اس علاقہ میں کئی مہلک نکسلائٹس حملوں میں ملوث تھا ۔ مزید تفصیلات کا انتظار ہے کیونکہ فوجی اس علاقہ کی تلاشی میں مصروف ہیں۔