رائے پور ۔ یکم ۔ مئی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : انتہا پسندی سے متاثرہ چھتیس گڑھ کے ضلع کونڈہ گاؤں میں پولیس کے ساتھ جھڑپ میں ایک خطرناک نکسلائٹ کمانڈر ہلاک اور دوسرا گرفتار کرلیا گیا ۔ ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ ابھیشک مینا نے بتایا کہ گھنورا پولیس اسٹیشن کے حدود میں واقع جنگلات میں پولیس اور ماویسٹوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ممنوعہ سی پی آئی ( ماویسٹ ) دلم کمانڈر پھول سنگھ ہلاک ہوگیا ۔ رائے پور سے 250 کلو میٹر دور علاقہ میں بعض نکسلائٹس دیکھے جانے کی اطلاع پر پولیس روانہ کردی گئی ۔ جہاں پر تقریبا دو گھنٹوں تک فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا ۔ بعد ازاں ماویسٹ گھنے جنگلات میں فرار ہوگئے ۔ تاہم ایک نکسلائٹ پکڑا گیا جو کہ ایک اور دلم کمانڈر راکیش ہے انکاونٹر کے مقام سے پولیس نے پھول سنگھ کی نعش کے ساتھ 2 دستی بم ، نکسلائٹ لٹریچر ، دستاویزات ، ڈائریز ، میڈیسن اور روزمرہ کی اشیاء برآمد کرلی گئی ۔ انہوں نے بتایا کہ ضبط شدہ ڈائریز میں نکسلائٹس سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلات اور مستقبل کے منصوبے درج ہیں ۔