رائے پور ۔ 23 ۔ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) چھتیس گڑھ کے ضلع دانتے واڑہ میں نکسلائیٹس نے آج مسافرین کو نیچے اتاردینے کے بعد بس کو نذر آتش کردیا ۔ اس علاقہ میں سیکوریٹی فورس کے ساتھ گھمسان لڑائی میں 4 خاتون ماوسٹوں کی ہلاکت کے ایک دن بعد یہ واقعہ کاٹے کمیاں پولیس اسٹیشن کے تحت موضع گوٹم کے قریب پیش آیا ہے جہاں پر حکومت کے زیر انتظام جن سویدھا اکسپریس بس کو آگ لگادی گئی ۔ یہ بس کاٹے کلیاں سے دانتے واڑہ جارہی تھی ۔ ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ کملوچن کشیپ نے بتایا کہ تقریباً 24 مسلح نکسلائٹس نے موضع گوئم کے قریب آر ٹی سی بس کو روک دیا اور مسافرین کو نیچے اتاردینے کے بعد آگ لگاکر فرار ہوگئے ۔ تاہم اس واقعہ میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔ اس واقعہ کو کل کے انکاؤنٹر کا ردعمل قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیکوریٹی فورس کے بڑھتے ہوئے دباؤ سے نکسلائٹس مایوسی کا شکار ہوگئے ہیں، جس کے باعث بزدلانہ کارروائیاں انجام دے رہے ہیں۔ اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سیکوریٹی فورسس کو جائے وقوع روانہ کردیا گیا ہے اور حملہ آوروں کو پکڑنے کیلئے تلاشی مہم شروع کردی گئی ہے ۔ واضح رہے کہ علاقہ گڈیراس کے ناگل گوڑہ پہاڑ میں سیکوریٹی فورسس کے ساتھ تصادم میں کل 4 خاتون نکسلائٹس ہلاک اور ایک لیڈر شدید زخمی ہوگئے تھے ۔ انکاؤنٹر کا مقام سکما اور دانتے واڑہ کی سرحد پر واقع ہے ۔