چھتیس گڑھ صدر مقام کا نام بدل کر اٹل نگر رکھنے کا فیصلہ

رائے پور،21اگست(یو این آئی) چھتیس گڑھ کی ریاستی حکومت نے ریاست کی نئی راجدھانی نیا رائے پور کا نام بدل کرچھتیس گڑھ کو اسٹیٹ کا درجہ دینے والے سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کی یادوں کو قائم رکھنے کے لئے ان کے نام پر اٹل نگر رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔وزیر اعلی ڈاکٹر رمن سنگھ نے آج ریاستی کابینہ کی میٹنگ میں اس کا فیصلہ کیا ،اطلاعات کے مطابق صحافیوں سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ میٹنگ میں بلاس پور یونیورسٹی کا نام بدل کر اٹل جی کے نام پر رکھنے اورنیا رائے پور میں پانچ ایکڑ میں اٹل اسمارک بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔اس کے ساتھ ہی ستمبر سے ان کی دوسرے دور کی شروع ہو رہی وکاس یاترا کا نام بدل کر اٹل یاترا رکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ا س میٹنگ میں آنجہانی وزیر اعظم کی وفات پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے تعزیتی قرار داد منظور کی گئی،اس کے ساتھ ہی اس تجویز کو گاؤں، شہریوں،کارپوریشنوں اوربلاکوں میں بھی منظوری کے لئے بھیجے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔اس کے علاوہ میٹنگ میں بیمترا،رائے گڑھ اور کونڈا گاؤں کی17سڑکوں پر سٹی بسوں کو چلانے کے لئے ان سڑکوں کو شہری شاہراہ اعلان کرنے کی تجویز بھی منظور کی گئی ہے ۔