حیدرآباد 31 جولائی ( پی ٹی آئی ) حکومت تلنگانہ بہت جلد چھتیس گڑھ ریاست کے ساتھ 1000 میگاواٹ برقی خریدی کیلئے یادداشت مفاہمت پر دستخط کریگی ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ریاست کے ٹرانسمیشن کارپوریشن کے عہدیداروں کو یادداشت مفاہمت کے سلسلہ میں منظوری دیدی ہے ۔ این ایس ایس کے بموجب چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ چھتیس گڑھ ریاست سے 1000 میگاواٹ برقی خریدیں اور گتپا اور پوچارم پراجیکٹس کو توسیع دیں۔ چیف منسٹر نے آج سیکریٹریٹ میں برقی اور آبپاشی کے عہدیداروں کے ساتھ ایک اعلی سطح کا جائزہ اجلاس منعقد کیا اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ چھتیس گڑھ حکومت کے ساتھ راست برقی خریدی کا معاہدہ کریں اور الیکٹریسٹی ریگولیٹری کمیشن کی تجویز کردہ شرحوں پر عمل آوری کی جائے ۔ انہوں نے متعلقہ عہدیداروں سے کہا کہ وہ جورالا پاور پروڈکشن یونٹ کے تعلق سے معلومات حاصل کریں جو بارش کے پانی میں ڈوب گیا ہے ۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ سولار روف ٹاپ نیٹ میٹرنگ کی تلنگانہ کے ٹاؤنس میں حوصلہ افزائی کیلئے اقدامات کریں۔ چیف منسٹر نے محکمہ آبپاشی کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ گتپا اور پوچارم پراجیکٹس نظام آباد کو بھی توسیع دیں تاکہ وہاں کسانوں کی آبپاشی ضروریات کی تکمیل کی جاسکے ۔