رائے پور۔/11ستمبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) حکومت چھتیس گڑھ نے جموں و کشمیر میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد کیلئے 10کروڑ روپئے کی امداد منظور کی ہے۔ ایک سرکاری عہدیدار کے مطابق حکومت جموں و کشمیر سے تبادلہ خیال کے بعد امداد کو نقد اور سازوسامان کی صورت میں جاری کیا جائے گا۔ گذشتہ شب وزیر اعلیٰ رمن سنگھ کی سرکاری رہائش گاہ پر اس سلسلہ میں ایک اجلاس منعقد ہوا تھا جہاں امداد روانہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ جموں و کشمیر کی صورتحال کے بارے میں انہوں نے جموںو کشمیر کے چیف منسٹر عمر عبداللہ اور مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سے بھی بات چیت کی اور تیقن دیا کہ متاثرہ عوام کی ہر ممکنہ امداد کی جائے گی جو اس وقت شدید مشکلات میں گھرے ہوئے ہیں۔