چھتیس گڑھ سے برقی خریدی کا فیصلہ : چندر شیکھر راؤ

حیدرآباد 25 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) برقی کی شدید قلت پر قابو پانے کی ایک کوشش کے طور پر حکومت تلنگانہ نے آج فیصلہ کیا ہے کہ وہ چھتیس گڑھ سے درمیانی اور طویل مدتی بنیادوں پر برقی خریدی گی ۔ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اس سلسلہ میں مینیجنگ ڈائرکٹر ٹرانسکو کو ہدایت دی کہ وہ چھتیس گڑھ اسٹیٹ پاور ڈسٹریبیوشن کمپنی سے 1,000 میگا واٹ برقی خریدی کیلئے اقدامات کریں اور پاور گرڈ کارپوریشن آف انڈیا لمیٹیڈ کی خطوط پر برقی خریدی کا معاہدہ کیا جائے ۔ چیف منسٹر کے دفتر سے جاری کردہ اعلامیہ میں یہ بات بتائی گئی ۔ چیف منسٹر نے کمپنی سے مزید کہا کہ وہ ڈیڈیکیٹیڈ لائینس کے ذریعہ 1,500 میگاواٹ برقی خریدنے بھی اقدامات کریں اور اس سلسلہ میں ان لائینس کی تنصیب کیلئے ٹنڈرس طلب کئے جائیں۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اس کے علاوہ چیف منسٹر نے ٹرانسکو کے عہدیداروں سے کہا کہ وہ درمیانی مدت کی بنیادوں پر چھتیس گڑھ سے 2000 میگاواٹ برقی خریدی کیلئے بھی کوششیں کریں تاکہ فوری طور پر پانچ سال کیلئے راحت مل سکے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ پڑوسی ریاست کے پاس فاضل برقی ہے اور وہ اس ریاست میں ہے کہ وہ دوسری ریاستوں کو فراہم کرے اور چھتیس گڑھ ہی وہ واحد ریاست ہے جہاں سے تلنگانہ برقی خرید سکتی ہے ۔