چھتیس گڑھ سی ڈی اسکام، کانگریس قائد کی گرفتاری کے خلاف احتجاج

رائے پور۔ 25 ۔ستمبر(سیاست ڈاٹ کام)چھتیس گڑھ ریاستی کانگریس کے صدر بھوپیش بگھیل کے سی ڈی معاملے میں جیل جانے کے احتجاج میں ‘جیل بھرو آندولن’میں حصہ لینے آنے والے اراکین اسمبلی اور دیگر کانگریس کارکنان کو پولیس نے ریاست بھر سے کل رات سے ہی گرفتار کرنا شروع کردیا ہے ۔موصول اطلاع کے مطابق درگ کے رکن اسمبلی ارون وورا کو ،سابق وزیررام پوکار سنگھ کو پتھل گاؤں سے ،جشپور میں پارٹی سکریٹری شیکھر ترپاٹھی، سرگوجا سے رائے پور جانے والے رکن اسمبلی ورہسپتی سنگھ،پارٹی کی جوائنٹ جنرل سکریٹری منجو سنگھ کو اکلتراسے ،بسترکے رکن اسمبلی لکھیشور بگھیل کو بستر تھانے میں حراست میں رکھا گیا ہے ۔ ریاستی کانگریس نے دعوی کیا ہے کہ ریاست بھر میں ان کے 20ہزار ان کارکنان اور لیڈران کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے جو کہ رائے پور گرفتاری دینے آرہے تھے ۔انہوں نے الزام لگایا کہ رائے پور آنے والی بسوں اور ٹرینوں کی بھی پولیس جانچ کررہی ہے ،اور کانگریس کارکنان کو اتار کر حراست میں لیاجارہا ہے ۔اس دوران ریاستی کانگریس کے انچارج پی ایل پنیا آج یہاں پہنچ گئے اور انہوں نے انتخابی مہم کمیٹی کے صدر ڈاکٹر چرن داس مہنت اور اپوزیشن لیڈر ٹی ایس سنگھ دیو کے ساتھ رائے پور سینٹرل جیل جاکر ریاستی کانگریس کے صدر بھوپیش بگھیل سے ملاقات کی ۔مسٹر پنیا نے نامہ نگاروں سے بات چیت میں الزام لگایا کہ وزیراعظم نریندر مودی کے چھتیس گڑھ دورے سے واپسی کے بعد دہلی جاکر دی گئی ہدایت پر سی بی آئی نے جلدی جلدی چارج شیٹ داخل کی۔انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ ریاست میں پارٹی کے خراب حالات کے پیش نظر بی جے پی حکومت سی بی اائی کا سہارا لے رہی ہے ۔