نئی دہلی 12 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) چھتیس گڑھ میں منگل کے دن ماؤسٹوں کے ہاتھوں سپاہیوں کی ہلاکت کا ’’انتقام‘‘ لینے کا عہد کرتے ہوئے مرکزی وزیرداخلہ سشیل کمار شنڈے نے آج کہاکہ قومی محکمہ تحقیقات (این آئی اے) حملہ کی تحقیقات کرے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ اس حملہ میں کئی سپاہی اپنی جانیں ضائع کرچکے ہیں۔ مرکزی و ریاستی فورسیس مشترکہ طور پر تحقیقات کررہی ہیں۔ مہلوک سپاہیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد اُنھوں نے کہاکہ قائدین کی ہلاکت کی تحقیقات بھی این آئی اے کے سپرد کی گئی ہیں۔ چنانچہ اسی قسم کے دوسرے حملہ کی تحقیقات یہی محکمہ کرے گا جو مئی 2013 ء میں ماؤسٹوں کے حملہ کا حوالہ دے رہے تھے جس میں 27 افراد بشمول کانگریس قائدین کا قتل عام ہوا تھا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اُنھوں نے کہاکہ ماؤسٹوں نے اِس لئے حملہ کیا ہے کہ اُنھیں اپنے کارکنوں کی تعداد میں مسلسل تخفیف سے خوف پیدا ہوگیا ہے۔
مرکزی وزیرداخلہ نے کہاکہ نکسلائیٹ تحریک بتدریج کمزور ہوتی جارہی ہے۔ اُن کی تعداد کم ہوتی جارہی ہے۔ اِسی وجہ سے حال ہی میں بَستر کے علاقہ میں (اسمبلی) انتخابات کامیابی سے منعقد کئے جاسکے۔ یہی وجہ ہے کہ نکسلائٹس اب خوفزدہ ہوگئے ہیں۔ منگل کے دن 300 ماؤسٹ چھاپہ مار جنگجوؤں نے 50 تا 55 نیم فوجی تنظیم کے سپاہیوں کی طلایہ گرد پارٹی پر گھات لگاکر حملہ کیا۔ بیرم گھاٹی میں سڑک کا ایک حصہ ریموٹ کنٹرول سے اُڑادیا گیا۔ اِس حملہ میں 15 سپاہی اور ایک شہری ہلاک ہوگئے۔ یہ مقام مئی 2013 ء کے حملہ کے مقام سے تھوڑے ہی فاصلہ پر ہے۔ چیف منسٹر چھتیس گڑھ رمن سنگھ نے جگدل پور میں ضلع بَستر میں ہلاک ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ شنڈے نے شہر کے ایرپورٹ پر پہونچنے کے بعد رمن سنگھ کے ساتھ مختصر اجلاس منعقد کیا
جس میں ریاستی وزیرداخلہ رام سیوک پیترا بھی شریک تھے۔ انتظامیہ کے ہیڈکوارٹرس ضلع بستر میں آج صبح مہلوک پولیس کے ملازمین کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ سینئر پولیس عہدیداروں نے کہاکہ خراج عقیدت پیش کرنے میں مرکزی وزیرداخلہ سشیل کمار شنڈے، چیف منسٹر چھتیس گڑھ، گورنر شیکھر دت اور ریاستی کابینہ کے ارکان شامل تھے۔ اِس کے فوری بعد شنڈے اور رمن سنگھ اپنے دفتر روانہ ہوگئے جہاں صورتحال کا جائزہ لینے مرکزی وزیرداخلہ نے عہدیداروں کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا۔ پولیس کے بموجب حملہ آور نکسلائٹس کا پتہ چلانے تلاشی مہم شروع کردی گئی ہے۔ چھتیس گڑھ حکومت نے حملہ کی محکمہ جاتی تحقیقات کا اعلان کیا ہے۔ مدھیہ پردیش حکومت نے ریاست سے تعلق رکھنے والے 3 مہلوک سپاہیوں کے ورثاء کو 10 لاکھ روپئے فی کس معاوضہ ادا کرنے کا اعلان کیا ہے۔