آئندہ چند مہینوں تک قیمتوں میں کمی موہوم : رنجیت ریڈی
حیدرآباد ۔ 5 ۔ جولائی : ( رتنا چوٹرانی ) : موسم باراں کے دوران شادیوں ، عید اور تہواروں کے موقع پر عوام کی پسندیدہ غذا چکن کی قیمت میں غیر معمولی اضافہ ہوا ۔ صدر پولٹری بریڈرس اسوسی ایشن مسٹر رنجیت ریڈی کے بموجب جاریہ ماہ اسکن لس فی کیلو چکن کی قیمت 230 روپئے جب کہ فارم گیٹ کی قیمت 107 روپئے مقرر ہوگئی ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ چند ماہ قبل شدید دھوپ کے دوران چکن اسکن لس کی قیمت 80 تا 90 روپئے فی کیلو مقرر تھی ۔ تاہم انہوں نے بتایا کہ آئندہ 15 تا 20 دنوں کے دوران چکن کی قیمت میں اضافہ برقرار رہے گا ۔ نمائندہ سیاست سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر ایس بالا سبرامنیم جنرل منیجر انٹیگریشن وینکٹیشورا ہیچیریز نے کہا کہ موسم گرما کے دوران برڈس کے وزن میں کمی اور اس کی جسامت میں عدم اضافہ کے باعث قلت پیدا ہوگئی تھی ۔ اسی دوران مسٹر رنجیت ریڈی پریسیڈنٹ پولٹری بریڈس اسوسی ایشن نے بتایا کہ موسم گرما کے ختم ہونے کے بعد چکن کی طلب اور مانگ میں اضافہ کے ساتھ برڈس کی فروغ میں بھی اضافہ درج ہوا ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گذشتہ چند سالوں سے پولٹریری انڈسٹری کی حالت ابتر ہونے کی وجہ سے قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہوگیا ہے ۔ اس لیے ہر سال 15 فیصد کا اضافہ کیا جارہا ہے ۔ جس کی وجہ سے چکن کی قیمت میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔ صدر اسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ مٹن کی قیمت 500 روپئے فی کیلو کے بہ نسبت چکن کی قیمت کافی کم ہے ۔ جب کہ چکن میں پروٹین کی مقدار زیادہ اور چربی اور کالیریز کی مقدار کافی کم ہے ۔ جس کے باعث عوام کی کثیر تعداد چکن کے استعمال کو اولین ترجیح دے رہے ہیں ۔ چکن پولٹری انڈسٹریز میں پروڈکشن قیمت میں اضافہ کے باعث گذشتہ چند ہفتوں کے دوران فی کیلو 5 تا 10 روپیوں کا اضافہ ہوا ہے اس طرح کی صورتحال مزید چند ماہ تک جاری رہنے کی پیش قیاسی کی ہے ۔۔