ہمارے گھر میں چڑیوں کا جوڑا رہتا تھا۔ چڑیا نے انڈے دیئے اور کچھ دنوں بعد چڑیا کے گھونسلے سے چوں چوں کی آوازیں آنے لگیں۔ صاف پتہ چلتا تھا کہ چڑیا کے انڈوں سے بچے نکل آئے ہیں۔ چڑیا بچوں کیلئے کیڑے مکوڑے اور دانا وغیرہ لاتی اور بچوں کو کھلاتی، جبکہ چڑا گھونسلے کے باہر پہرہ دیتا رہتا ، ایک دن کی بات ہے کہ ایک کوا، چڑیا کے گھونسلے کے اردگرد چکر لگانے لگا، چڑیا بیچاری کچھ نہیں کرسکتی تھی۔
چڑا، کوے کو دیکھ کر ہوشیار ہوگیا اور زور زور سے چیخنے لگا۔ اس کی آواز پر چڑیا بھی باہر آگئی اور چلانے لگی۔ ان کی آواز کا شور سن کر باقی چڑیا بھی آگئیں اور زور زور سے شور مچانے لگیں، پھر کیا تھا، چڑیوں کے شور سے کوا پریشان ہوگیا اور بھاگ گیا، کوے کے جانے کے بعد چڑیوں نے سکھ کی سانس لی۔ اب وہ سوچنے لگیں کہ اگر ہم ہمیشہ اتفاق اور اتحاد کے ساتھ رہیں تو شاید یہ کوے کبھی ہمیں اور ہمارے معصوم بچوں کو کوئی نقصان نہ پہنچاسکیں، پھر آس پاس گھونسلوں میں رہنے والی تمام چڑیاؤں نے فیصلہ کیا کہ آئندہ جب بھی کسی کے گھونسلے پر حملہ ہونے کا خطرہ ہو تو ہم سب مل کر شرارتی کوے کا مقابلہ کریں گی۔ خاص طور پر چڑا میاں ہمیشہ اپنے اپنے گھر کے باہر پہرہ دیں گے، جبکہ چڑیا ممی اپنے بچوں کی پرورش پر توجہ دیں گی۔ دیکھا بچو! اتفاق میں کتنی برکت ہے، اگر سب چڑیاں شور نہ مچاتیں اور گھونسلے کا گھیراؤ نہ کرتیں تو شیطان کوا ان کے بچوں کو لے جاتا اور کھالیتا۔ بڑوں نے سچ کہا ہے اتفاق اور اتحاد میں بڑی برکت ہے ۔