ڈی سی پی کرائم سائبر آباد شریمتی جانکی شرمیلا
حیدرآباد ۔ /22 ڈسمبر (سیاست نیوز) شہر کے نواحی علاقوں میں خوف و سنسنی کا باعث بنی سارقوں کی بدنام زمانہ ٹولی ’’چڈی گینگ‘‘ کوئی خطرناک ٹولی نہیں ہے بلکہ سوشیل میڈیا اور میڈیا کی بدولت اس بدنام زمانہ سارقوں کی ٹولی کو اہمیت حاصل ہوئی ہے ۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر آف پولیس کرائم سائبر آباد محترمہ جانکی شرمیلہ نے بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ٹولی صرف مقفل مکانات کو نشانہ بناتی ہے ۔ سرقہ سے قبل علاقہ کا معائنہ کرنے کے بعد اس علاقہ میں پہونچکر اپنے کپڑے اتارتے ہیں اور خوفزدہ کرنے کی ایک چال کے تحت مکان کے تالے توڑ کر سرقہ کرتے ہیں ۔ اس ٹولی نے انوجی گوڑہ اور ڈنڈیگل پولیس حدود میں وارداتیں انجام دی ہیں جبکہ نظام آباد اور وقارآباد میں بھی ان کی سرگرمیاں ریکارڈ کی گئیں اور انہیں گرفتار کرتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی کی گئی تھی ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ ٹولی کوئی خطرناک نہیں بلکہ معمولی ٹولی ہے ۔