نئی دہلی۔3 اگست (سیاست ڈاٹ کام ) حکومت ایک ایسے مرکزی قانون کا مسودہ تیار کررہی ہے جس کے ذریعہ چٹ فنڈ اسکیمس میں سرمایہ کرنے والے عوام کا تحفظ ہوسکے۔ اس ضمن میں بہت جلد قانون کو پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔ وزیر فینانس ارون جیٹلی نے آج لوک سبھا میں بینکنگ ریگولیشن (ترمیم) بل 2017ء پر بحث کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ چٹ فنڈ اسکیمس سے نمٹنے کے لیے ریاستی سطح پر پہلے سے موجود قوانین کے علاوہ ایک مرکزی اور جامع قانون کی ضرورت ہے۔ مباحث کے دوران اپوزیشن ارکان نے چٹ فنڈس کا مسئلہ اٹھایا جس کی وجہ سے سرمایہ کاروں کو دھوکہ دیا گیا۔ انہوں نے یہ جاننا چاہا کہ اس مسئلہ سے نمٹنے کے لیے حکومت کیا اقدامات کررہی ہے۔ ارون جیٹلی نے کہا کہ موجودہ چٹ فنڈ مقدمات کا سیبی جائزہ لے رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بنگال اور اڈیشہ میں اس سے نمٹنے کے لیے ریاستی قوانین موجود ہیں لیکن ایسی صورت میں جب چٹ فنڈس اسکیمات ملک بھر میں چلائی جارہی ہوں تو پھر کیا کیا جائے؟ انہوں نے کہا کہ ہم ایک مرکزی قانون کا مسودہ تیار کررہے ہیں اور اسے بہت جلد پیش کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چٹ فنڈ اسکیمات کے ذریعہ سرمایہ کاروں کو بینکوں میں دیئے جانے والے شرح سود کے مقابلے صرف معمولی 1 تا 1.5 فیصد زائد شرح سود کی پیشکش کے ذریعہ راغب کیا جاتا ہے۔