چٹ فنڈ اسکام : خاطی سیاستدانوں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ

نئی دہلی ۔ 25 ۔ نومبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : لوک سبھا میں بی جے پی کے رکن نشاکانت دوبے نے مختلف ریاستوں بشمول مغربی بنگال اور بہار میں پیش آئے پونزی اسکام میں ملوث سیاستدانوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ وقفہ صفر کے دوران انہوں نے یہ مسئلہ ایسے وقت اٹھایا جب ترنمول کانگریس اور دیگر ارکان نے ایوان کے وسط میں پہنچ کر کالا دھن واپس لانے کے مطالبہ پر نعرے بلند کررہے تھے ۔ بی جے پی رکن نے کہا کہ پونزی اسکام میں غریب عوام سے جو رقومات اکھٹا کی گئی ہیں وہ ، دہشت گرد عناصر کی سرپرستی اور غیر قانونی ایمگرینٹس کی حوصلہ افزائی کے لیے استعمال کی جارہی ہے ۔ انہوں نے اسکام میں قصور وار افراد بشمول سیاستدانوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ کوئلہ اسکام کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے سی پی ایم رکن شنکر پرساد دتہ نے کہا کہ مرکز میں بی جے پی کی زیر قیادت حکومت پیشتر یو پی اے حکومت سے کوئی سبق حاصل نہیں کررہی ہے جو کہ 1.86 لاکھ کروڑ کے کوئلہ اسکام کے باعث روبہ زوال ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی حکومت اسی راستہ پر گامزن ہو کر کوئلہ بلاکس کو خانگیانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اور اس خصوص میں جاری کردہ آرڈیننس کی جگہ قانون سازی کی تیاری میں ہے ۔ سی پی ایم رکن نے کہا کہ کوئلہ قومی وسائل میں سے ایک ہے اور اسے قومی مفادات کے لیے استعمال کیا جائے جب کہ کوئلہ بلاکس کی عوامی شعبہ کے تحت رکھا جائے نہ خانگی یا بیرونی سرمایہ داروں کے حوالے کیا جائے ۔۔