چوٹالا کی ضمانت میں توسیع کی درخواست پر سی بی آئی سے عدالت کی جواب طلبی

نئی دہلی ۔ 20 جون (سیاست ڈاٹ کام) دہلی ہائیکورٹ نے ہریانہ کے سابق وزیراعلیٰ اوم پرکاش چوٹالا کی ضمانت میں توسیع کی درخواست پر سی بی آئی کی رائے طلب کی ہے۔ چوٹالا ٹیچرس ریکروٹمنٹ کیس میں 10 سال کی سزائے قید بھگت رہے ہیں۔ انہوں نے اپنی عبوری ضمانت کی میعاد میں مزید ایک ماہ کی توسیع کرنے کی درخواست داخل کی ہے کیونکہ وہ اپنے آنجہانی بھائی کی آخری رسومات کے بعد مزید کچھ رسومات کی ادائیگی کے خواہاں ہیں لیکن خرابی صحت کے باعث وہ ایسا کرنے سے قاصر ہیں لہٰذا عبوری ضمانت میں توسیع کی درخواست داخل کی گئی ہے۔ یاد رہیکہ ہائیکورٹ نے 3 جون کو چوٹالا کی عبوری ضمانت 3 ہفتوں کیلئے منظور کی تھی

تاکہ وہ یکم ؍ جون کو انتقال کر گئے اپنے بھائی کی آخری رسومات کے علاوہ دیگر رسومات میں بھی شرکت کرسکیں۔ جسٹس سدھارتھ مریدول پر مشتمل ایک بنچ نے سی بی آئی کو ہدایت کی ہیکہ 23 جون کو اس معاملہ کی سماعت کی آئندہ تاریخ سے قبل وہ (سی بی آئی) اپنے موقف کی تفصیلی رپورٹ داخل کرے۔ یاد رہیکہ خود سی بی آئی نے چوٹالا کی عبوری ضمانت میں توسیع کئے جانے کی مخالفت کی ہے۔ سی بی آئی کا ادعا ہیکہ چوٹالا کی صحت کی مکمل جانچ پڑتال ایمس میں کروائی جائے جبکہ چوٹالا کے وکیل آر کے آنند نے عدالت کو بتایا کہ چوٹالا صحتمند اور ہشاش بشاش رہنے کی صورت میں ہی اپنے بھائی کی دیگر رسومات ادا کرسکتے ہیں لہٰذا عبوری ضمانت میں توسیع کی جائے۔