حیدرآباد۔/16جولائی، ( سیاست نیوز) کمشنر پولیس حیدرآباد سٹی مسٹر مہیندر ریڈی کی جانب سے آج دعوت افطار کا اہتمام کیا گیا۔ تاریخی چو محلہ پیالیس میں منعقدہ اس دعوت افطار میں علماء و مشائخین، سرکردہ مذہبی شخصیتوں کے علاوہ اعلیٰ پولیس عہدیدار، مائتری و پیس کمیٹی کے ارکان نے شرکت کی۔اس موقع پر شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ مولانا مفتی خلیل احمد نے اپنے خطاب میں رمضان المبارک کی خصوصیت اور روزہ کی اہمیت پر روشنی ڈالی ا
ور کہا کہ اسلام کسی بھی شخص پر خواہ اس کی نسل ، رنگ ، ذات اور مذہب کچھ بھی ہو ظلم کو قبول نہیں کرتا وہ اس کی مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے مسلمانوں کو تلقین کی کہ وہ اپنے اخلاق سے انسانیت کے پیغام کو عام کریں جو کہ آج انسانیت کی سب سے بڑی ضرورت ہے اور کہا کہ اسلام انسانیت کا بہترین درس دیتا ہے۔ اس موقع پر کمشنر پولیس مسٹر مہیند ر ریڈی نے اپنی تقریر میں کہا کہ روزہ داروں کیلئے افطار کا اہتمام کرنا ان کے لئے نہایت ہی مسرت کا موقع ہے اور وہ اس موقع کو مبارک موقع تصور کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک ایک عظیم سیکولر ملک ہے اور یہاں کی گنگا جمنی تہذیب کی مثال کہیں اور نہیں ملتی جہاں تمام مذاہب کے لوگ ایک ساتھ رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سٹی پولیس شہر حیدرآباد کی گنگا جمنی تہذیب کو قائم رکھے گی۔
انہوں نے رمضان اور بونال تہواروں کا تذکرہ کیا اور شہریوں سے امن کو قائم رکھنے میں پولیس کے ساتھ تعاون کی اپیل کی۔ اس موقع پر ڈائرکٹر جنرل آف پولیس تلنگانہ مسٹر انوراگ شرما کے علاوہ مولانا قبول پاشاہ شطاری، مولانا محمد پاشاہ زرین کلا، مولانا عثمان نقشبندی، مولانا فضل اللہ قادری، مولانا علی قادری، سیف اللہ باقری، مولانا سید شاہ راجو ثانی، مولانا اکرم پاشاہ قادری، مولانا حسان فاروقی، مولانا مرتضیٰ پاشاہ، مولانا نعمت اللہ قادری، صدر نشین اقلیتی کمیشن عابد رسول خاں، رکن قانون ساز کونسل جناب محمدسلیم ، ڈائرکٹر جنرل اے سی پی عبدالقیوم خاں، ڈاکٹر اکن سبھروال ، سائبرآباد پولیس کمشنر مسٹر سی وی آنند کے علاوہ سٹی پولیس کے تمام اعلیٰ عہدیداروں کے علاوہ ذاکرحسین میموریل کے سکندر معشوقی، علی بن سعید الگتمی، علی مسقطی ، صابر پاشاہ و دیگر موجود تھے۔ قبل ازیں روزہ دارمہمانوں کا استقبال سٹی پولیس کے عہدیداروں نے روایتی حیدرآبادی شیروانی اور رومی ٹوپی پہن کر کیا۔ ڈی سی پی ساؤتھ مسٹر ترپاٹھی نے کارروائی چلائی اور جوائنٹ کمشنر ایس پی مسٹر ملا ریڈی نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔