نئی دہلی۔8جون ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق سی وی ڈی ٹی کے سربراہ کے وی چودھری اور اطلاعات کمشنر وجئے شرما کو آج سنٹرل ویجلنس کمشنر( سی وی سی ) اور چیف انفارمیشن کمشنر ( سی آئی سی ) عہدوں پر فائز کیا گیا جو طویل عرصہ یعنی نو ماہ سے زیادہ مدت سے مخلوعہ تھے اور حکومت پر چند دنوں سے اس سلسلہ میں تنقید کی جارہی تھی۔ آج پُرکردیئے گئے ۔ ٹی ایم بھاسین صدر نشین و منیجنگ ڈائرکٹر انڈین بینک کو بھی ویجلنس کمشنر مقرر کیا گیا ہے ۔ ان کے تقررات کی منظوری آج صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے دی ۔راشٹراپتی بھون کے ایک ترجمان نے کہا کہ ایک ہفتہ قبل وزیر اعظم نریندر مودی اور قائد کانگریس پارلیمانی پارٹی لوک سبھا ملک ارجن کھرگے نے ان کے ناموں کی سفارش کی تھی۔ جب یہ اطلاعات کہ چودھری کا نام منظوری کرلیا گیا ہے ‘ عام ہوئی تو سینئر وکیل رام جٹھ ملانی اور پرشانت بھوشن نے اس پر تنقید کی اور حکومت کی جانب سے ان تقررات پر اعتراض کیا ۔