دبیرپورہ میں ٹی آر ایس کی رکنیت سازی، ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کا خطاب
حیدرآباد۔2اپریل(سیاست نیوز) پرانے شہر کے دبیر پورہ بلدی حلقہ میں ٹی آر ایس پارٹی کی رکنیت سازی مہم او رپارٹی میںشمولیت اختیار کرنے والے نوجوانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے جناب محمد محمودعلی نے کہاکہ پرانا شہرہی اصل حیدرآباد ہے جس کو پچھلے ساٹھ سالوں سے مسلسل نظر اندازکیاجارہا ہے۔سب سے پہلے پرانے شہر سے سرکاری دفاتر کو منتقل کیاگیا ‘ یہاں تک کہ پولیس کمشنر دفتر بھی پرانے شہر میںہی تھا پچھلے تین سالوں میں جب سے تلنگانہ میں ٹی آر ایس کی حکومت اقتدار میںائی ہے حالات یکسر تبدیل ہوگئے ۔ چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائونے پرانے شہر سے تعلق رکھنے والے لیڈر کو اپنانائب مقرر کرتے ہوئے پرانے شہر کے وقار کو اونچاکیا ہے ۔ جناب محمد محمودعلی نے مزید کہاکہ چیف منسٹرپرانے شہر کی ترقی کے لئے خصوصی دلچسپی رکھتے ہیںاو راسی لئے انہوںنے موسیٰ ندی کی عظمت رفتہ کی بحالی کے لئے 300کروڑ کی رقم مختص کی اور فیصلہ لیا ہے کہ پرانے شہر میںبھی میٹروریل پراجکٹ کی تعمیر کا کام بہت جلد شروع کیاجائے گا۔ جناب محمدمحمودعلی نے پرانے شہر کی عوام کو بھروسہ دلایا او رکہاکہ وہ آج بھی پرانے شہر سے جیل اورریس کورس کی لعنت کو نکال پھینکنے کے اپنے وعدے پر قائم ہیں۔ انہوںنے اپنے وعدے کا اعادہ کرتے ہوئے کہاکہ چنچلگوڑہ جیل کے مقام پر ہمہ منزلہ تعلیمی ادارے قائم کئے جائیںگے جہاں پر لڑکوں اور لڑکیوں کو مفت تعلیم فراہم کی جائے گی ۔ انہوں نے ریس کورس کے مقام پر ملٹی نیشنل اداروں کا مرکز بنانے کا بھی وعدہ کیاجہاں پر پرانے شہر سے تعلق رکھنے والے تعلیم یافتہ او رقابل نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے لئے ترجیح دی جائے گی۔ جناب محمد محمودعلی نے پارٹی کارکنوں او رمقامی لوگوں کی کثیرتعداد سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وہ حکومت تلنگانہ کی اقلیتی اقامتی اسکولس اسکیم کے متعلق عوام کو واقف کروائیںجہاں پر فی بچہ حکومت 90ہزار سے ایک لاکھ روپئے خرچ کرتے ہوئے تعلیم فراہم کررہی ہے ۔جناب محمدمحمودعلی نے پارٹی میںشمولیت اختیار کرنے والوں کا کھنڈواپہناکر استقبال کیا۔ ایم اے ذیشان‘ خواجہ عارف الدین‘ محمد اعجاز ‘ حیات حسین حبیب‘ظہور الدین یوسفی ‘ محمد صابر ‘ اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔