پرائمری اسکول کو برقرار رکھنے کیلئے امجد اللہ خان کی نمائندگی
حیدرآباد ۔ 22 ۔ مئی (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ چنچلگوڑہ میں سرکاری اسکول کی جائیداد پر قبضہ کی کوششوں کے خلاف دبیر پورہ پولیس اسٹیشن میں تحصیلدار عنبر پیٹ منڈل اے راج شیکھر نے ایک تحریری شکایت درج کرواتے ہوئے کہا کہ غیر سماجی عناصر کی جانب سے چنچلگوڑہ گورنمنٹ اپر پرائمری اسکول کی عمارت کو منہدم کیا جارہا ہے۔ تحصیلدار عنبر پیٹ منڈل نے 21 مئی کو دبیر پورہ اسٹیشن میں مکتوب نمبر Lr No..B/C/121/2007 روانہ کرتے ہوئے اس بات کی شکایت درج کروائی کہ حیدرآباد ضلع انتظامیہ کی جانب سے مالکانہ حقوق پر تنازعہ جاری رہنے کے سبب مذکورہ اسکول کو تحویل میں لیا گیا تھا اور اسکول کی 573.50 مربع گز اراضی 12 جون 2009 ء سے محکمہ مال کی تحویل میں ہے۔ جناب امجد اللہ خاں خالد نے آج ضلع کلکٹر سے ملاقات کرتے ہوئے اپر پرائمری اسکول کی اسی مقام پر برقراری کو یقینی بنانے کیلئے نمائندگی کی اور بتایا کہ علاقہ میں اس اسکول کو برقرار رکھنے کیلئے متعدد مرتبہ ضلع انتظامیہ سے نمائندگیاں کی جاچکی ہیں اور جس وقت مسٹر آر وی چندرودھن ضلع کلکٹر حیدرآباد تھے، انہوں نے اس اسکول کو مزید بہتر بنانے اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ عصری عمارت کی تعمیر کیلئے رقومات کی اجرائی کا بھی تیقن دیا تھا۔ تحصیلدار عنبر پیٹ منڈل کی جانب سے شکایت پر پولیس اسٹیشن دبیر پورہ میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا گیا ہے۔ مقدمہ نمبر 57/2015 کے مطابق روف علی خاں نامی شخص پر دفعہ 448 اور 427 آئی پی سی کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ جناب امجد اللہ خان خالد نے بتایا کہ اسکول کی عمارت کو کئی مرتبہ خالی کرواتے ہوئے اس پر قبضہ کرنے کی کوششیں کی گئی ہیں لیکن مقامی عوام کے تعاون سے ان کوششوں کو ناکام بنایا جاتا رہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ اس عمارت میں برسوں اردو میڈیم اسکول رہا ہے اور بالخصوص موجودہ دور میں اردو میڈیم اسکول کی شدید ضرورت ہے ۔