حیدرآباد۔27مئی(سیاست نیوز)محکمہ بلدیہ گریٹر حیدرآباد کی متعارف کردہ پانچ روپئے میںکھانا اسکیم کے چار مراکز کا آج پرانے شہر میں ڈپٹی چیف منسٹر الحاج محمد محمود علی کے ہاتھوںافتتاح عمل میں آیا۔کمشنر بلدیہ گریٹر حیدرآباد مسٹر سومیش کمار کے علاوہ محکمہ بلدیہ ساوتھ زون کے عہدیدار ان اور ٹی آر ایس کے مقامی قائدین بھی اس موقع پر موجو دتھے۔ملک پیٹ کے محبو ب گنج‘ اعظم پورہ لاری کانٹا‘ دبیر پورہ دروازہ اور یاقوت پورہ بڑا بازارمیں پانچ روپئے میںکھانا اسکیم کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر الحاج محمد محمو دعلی نے کہاکہ پرانے شہر میںمزید پچیس ایسے مراکز قائم کئے جائیںگے جہاں پر معاشی طور پر پسماندگی کاشکار خاندانوں کوصرف پانچ روپئے میںدوپہر کا کھانا فراہم کیا جائے گا۔ جناب محمد محمود علی نے کہا کہ حکومت تلنگانہ غریب اور معاشی طور پر پسماندگی کاشکار خاندانوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لئے فلاحی اسکیمات کا اعلان اور اس پر عمل آوری کو یقینی بنانے کاکام کررہی ہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ سوچھ حیدرآباد مہم کے دوران پرانے شہر کے لئے جاری کردہ کاموں کی عاجلانہ تکمیل کو یقینی بناتے ہوئے پرانے شہر کو نئے شہر کے طرز پرترقی دینا حکومت تلنگانہ کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے چنچلگوڑہ جیل کی 44ایکڑ اور ریس کورس کی 146ایکڑ اراضی پر رہائشی تعلیمی مراکز قائم کئے جائیںگے جہاں پر پسماندگی کاشکار خاندانوں کے بچوں کو مفت تعلیم اور رہائش کی سہولتیں بھی فراہم کی جائیںگی۔ انہوں نے مذکورہ مقام پر آئی ٹی سنٹرز قائم کرنے کابھی اعلان کیا جہاں پر روزگار کی فراہمی کے لئے پرانے شہر کے نوجوانو ں کو ترجیح دی جائے گی کیوں کہ پچھلے ساٹھ سالوںمیںکسی بھی حکمران جماعت نے پرانے شہر کی ترقی کے لئے اس طرح سنجیدگی کے ساتھ کام نہیں کیا۔انہوں نے دوپہر کے علاوہ ناشتے کے لئے بھی واجبی داموں پر کھانا فراہم کرنے کے متعلق حکومت تلنگانہ کے غورخوض کا اس موقع پر ذکر کیا۔