چند علاقوں میں دہشت گردوں کو عوامی مدد

امداد بند ہونے تک دہشت گردی کا اندیشہ ۔ این ایس جی رپورٹ
نئی دہلی 6 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) دہشت گردوں اور شورش پسندوں کو ملک کے چند علاقوں میں عوامی تائید حاصل ہورہی ہے اور اگر اس کا سلسلہ بند نہ کیا جائے تو ہندوستان میں دہشت گرد کارروائیاں جاری رہنے کا اندیشہ ہے۔ اعلیٰ سطحی انسداد دہشت گردی فورس (این ایس جی) کی تیار کردہ ایک رپورٹ کے بموجب تجزیہ کاروں نے ملک میں حالیہ بم دھماکوں کے بارے میں تمام ریاستوں سے معلومات حاصل کرکے اُن کا ذخیرہ کیا ہے۔ یہ جاریہ سال اپریل اور جون کے درمیان پیش آنے والے واقعات تھے۔ اِن معلومات سے امکانی افشاء کے اندیشے بھی پیدا ہوگئے ہیں کیوں کہ دہشت گرد تنظیمیں دفاعی کارخانوں کے تیار کردہ دھماکو مادے استعمال کررہی ہیں۔ این بی ڈی سی سے موصولہ معلومات کے تجزیہ سے ظاہر ہوتا ہے کہ عوام دہشت گردوں، عسکریت پسندوں، شورش پسندوںکا اوّلین نشانہ ہیں۔ دہشت گردوں اور شورش پسندوں کو ملک کے بعض علاقوں میں عوامی تائید جاری ہے۔ جب تک یہ تائید ختم نہیں ہوجاتی دہشت گردی کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ مخلص عناصر کے لئے ضروری ہے کہ وہ ترقی یافتہ دھماکو آلات کا خاتمہ کریں۔