تل ابیب ، 15 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیل کے وزیر خارجہ ایویگڈور لِیبرمین نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران سے لاحق ممکنہ خطرات کے سبب اسرائیلی انتظامیہ اور چند عرب مملکتوں کے مابین بات چیت کا عمل جاری ہے۔ لِیبرمین نے کہا کہ پہلی مرتبہ اس بات کو سمجھا جا رہا ہے کہ حقیقی خطرہ اسرائیل یا یہودی نہیں بلکہ ایران، حزب اللہ اور القاعدہ ہیں۔ وزیر موصوف نے ایک اسرائیلی اخبار کو دیئے گئے انٹرویو میں بتایا کہ جن دو ممالک کا وہ ذکر کر رہے ہیں، اُن میں سعودی عرب اور کویت شامل ہیں۔ تاہم سعودی عرب اور کویت دونوں ہی نے اس اسرائیلی دعوے کو مسترد کر دیا ہے۔ سعودی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اِس بارے میں کہا کہ اسرائیل کے ساتھ کسی بھی سطح پر بات چیت یا تعلقات نہیں ہیں۔
این ایس اے کا پردہ فاش کرنے پر ’گارڈین‘ اور ’واشنگٹن پوسٹ‘کو اعزاز
لندن ، 15 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) برطانوی اخبار ’دا گارڈین‘ اور امریکی اخبار ’واشنگٹن پوسٹ‘ کو ’پُلٹزر پرائز فار پبلک سروس‘ سے دوشنبہ کو نوازا گیا ہے۔ اِن اخباروں کو یہ اعزاز جاسوسی کے امریکی پروگراموں کی کوریج پر دیا گیا ہے۔ اخباروں نے امریکی نیشنل سکیورٹی ایجنسی کے سابق ملازم ایڈورڈ اسنوڈن کی جانب سے فراہم کردہ خفیہ دستاویزات کی بنیاد پر متعدد رپورٹیں شائع کی تھیں۔ اِن کے نتیجے میں ایسے خفیہ پروگرام سامنے آئے جنہیں امریکی حکومت، عوام اور عالمی رہنماؤں کی جاسوسی کیلئے استعمال کر رہی تھی۔