رائے پور 2 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) بی ایس ایف کے 2 جوان زخمی ہوگئے جبکہ ایک عصری دھماکو آلہ سے نکسلائیٹس نے دھماکہ کیا۔ اِسے نکسلائیٹس نے ضلع کنکیر ریاست چھتیس گڑھ میں نصب کیا تھا جو آج دھماکہ سے پھٹ پڑا۔ پولیس کے بموجب یہ دھماکہ کوئیلی بیڑا پولیس اسٹیشن کی حدود میں پیش آیا جبکہ بی ایس ایف کے 35 ویں بٹالین کی ایک ٹیم اِس علاقہ میں غلبہ کی کارروائی کررہی تھی۔ کنکیر کے ایس پی کے ایل دھرو نے کہاکہ اُنھیں ٹیلیفون پر اطلاع ملی ہے کہ بی ایس ایف کے 2 فوجی اِس دھماکہ سے معمولی سے زخمی ہوئے۔ چوکسی کا اعلان کردیا گیا ہے۔ دریں اثناء ایک اور اطلاع کے بموجب ایک نکسلائیٹ کو فائرنگ کے تبادلہ میں گولی مار کر ہلاک کردیا گیا۔ یہ واقعہ چھتیس گڑھ کے ضلع بیجاپور میں پیش آیا۔ فائرنگ کا تبادلہ ہنوز جاری ہے۔ فائرنگ کے تبادلہ کا آغاز جنگلاتی علاقہ کے دیہات کمکنار میں ہوا تھا جبکہ ضلعی ریزرو گارڈ کی ایک ٹیم اور ایس ٹی ایف کی ایک ٹیم انسداد نکسلائیٹ کارروائی میں مصروف تھی۔