حیدرآباد 11 ڈسمبر (آئی این این) چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راوایک صحت مند زندگی کے مالک ہیں انہوں نے اپنی زندگی کے 52 سال کی بہاریں پوری صحت مندی کے ساتھ گذارے ہیں۔ سینئر ڈاکٹرس کے درمیان جن میں کئی ڈاکٹرس اسپیشلسٹ اور میڈیکل پریکٹیشنرس بھی موجود تھے انہوں نے اپنی صحت مند زندگی کے کئی رازوں کو منکشف کیا ہے۔ انہو ںنے کہا کہ انہیں 52 سال کی عمر تک کوئی عارضہ لاحق نہیں تھا ۔ انہوں نے ان برسو ںمیں کسی ڈاکٹر سے علاج کیلئے رجوع ہوکر تشخیص نسخہ حاصل نہیں کیا۔ چیف منسٹر نے یہ انکشاف آج صبح یہاں اسٹار ہاسپٹل انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنس و سنٹر برائے جوائنٹ رپلیسمنٹ کے افتتاح کے موقع پر کیا ۔ اپنے خطاب کے دوران انہوں نے اپنی صحت کے راز بھی منکشف کئے اور کہا کہ انہوں نے اپنی صحت کا خاص خیال رکھا ہے اور کسی بھی ڈاکٹر کے پاس نہیں گئے ۔ انہوں نے اپنا بلڈ پریشر تک چیک نہیں کروایا تھا جس پر ڈاکٹروں نے ان کی بہتر صحت پر ستائش کی ۔ کے سی آر نے کہا کہ انہوں نے فکر و تردد سے آزاد زندگی گذاری ہے کبھی بھی انہوں نے کسی مسئلہ کو سنجیدگی سے نہیں لیا جس سے صحت پر مضر اثر ہوسکے اس لئے انہیں کبھی بھی بلڈ پریشر ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوا۔ ان سے صحت کے بارے میں کئی سوالات کئے گئے اور ذیابطیس کے ہونے کے بارے میں بھی پوچھا گیا تو انہوں نے مزاح کے طور پر کہا کہ یہ کیا مرض ہوتا ہے اس کا مجھے علم نہیں ہے ۔