چندر شیکھر راؤ کے اثاثہ جات کی تحقیقات

سی بی آئی کی خصوصی عدالت کی ہدایت : مقدمہ درج نہیں کیا گیا

حیدرآباد۔/25اپریل، ( سیاست نیوز) سی بی آئی نے وضاحت کی ہے کہ اس نے چندر شیکھر راؤ، وجئے شانتی اور ہریش راؤ کے اثاثہ جات کی تحقیقات سے متعلق ابھی تک کوئی مقدمہ درج نہیں کیا ہے۔ سی بی آئی کے ذرائع نے کہاکہ حیدرآباد میں واقع سی بی آئی کی خصوصی عدالت کی جانب سے دی گئی ہدایت وصول ہوئی ہے تاہم سی بی آئی عدالت کے احکامات پر وہ مقدمہ درج نہیں کرتے، ہائی کورٹ یا پھر سپریم کورٹ کی ہدایت کے بعد ہی مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کی جائیں گی۔ سی بی آئی کے ذرائع نے بتایا کہ اس معاملہ کو ہائی کورٹ سے رجوع کیا جائے گا اور ہائی کورٹ کے احکامات کے مطابق ہی آگے کی کارروائی کی جائے گی۔ واضح رہے کہ سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے ایک وکیل کی درخواست پر سی بی آئی کو ان تینوں قائدین کے خلاف ایف آئی آر درج کرتے ہوئے ان کے اثاثہ جات کی تحقیقات کی ہدایت دی۔ سی بی آئی کی خصوصی عدالت کے ان احکامات پر ایک تنازعہ کھڑا ہوچکا ہے کیونکہ سی بی آئی کے عہدیداروں کا موقف ہے کہ وہ خصوصی عدالت کی ہدایت پر کارروائی نہیں کرسکتے۔ دیکھنا یہ ہے کہ اس مسئلہ پر ہائی کورٹ کیا فیصلہ کرے گا۔