چندر شیکھر راؤ کے آمرانہ رویہ کے خلاف بی جے پی کا احتجاج

کشن ریڈی ، لکشمن راؤ کے ہمراہ وفد کا سکریٹریٹ میں دھرنا
حیدرآباد۔/12مئی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ سکریٹریٹ میں واقع سی بلاک کے روبرو چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے آمرانہ رویہ کے خلاف بی جے پی ارکان نے ڈاکٹر کے لکشمن قائد بی جے پی مقننہ پارٹی کی قیادت میں احتجاج منظم کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ بی جے پی مقننہ پارٹی مسٹر کے لکشمن کی زیر قیادت ارکان اسمبلی بی جے پی کے وفد نے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کرنے کیلئے سکریٹریٹ پہونچا۔ جب اس وفد کو اس بات کا پتہ چلا کہ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ملاقات کا وقت نہیں دیا ہے تو سخت بی جے پی ارکان اسمبلی نے سی بلاک کے روبرو پہنچ کر اپنے احتجاج کا آغاز کیا ۔ اس دوران پولیس نے صورتحال کا اندازہ لگاتے ہوئے ان احتجاجی ارکان کو گرفتار کرلیا اور وہاں سے انہیں کسی اور مقام کو منتقل کردیا۔ اس موقع پر قائد بی جے پی مقننہ پارٹی ڈاکٹر کے لکشمن نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریاستی حکومت بالخصوص چیف منسٹر تلنگانہ پر الزام عائد کیا کہ شہر حیدرآباد میں درپیش مختلف مسائل کو حل کرنے پر کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے بلکہ حیدرآباد کے بعض اہم مسائل کو بالکلیہ طور پر نظرانداز کررہی ہے۔ انہوں نے حکومت تلنگانہ پر اپنی شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد کے مسائل کی یکسوئی اور ترقیاتی کاموں کے معاملہ میں ارکان اسمبلی شہر حیدرآباد کو اعتماد میں نہیں لیا جارہا ہے اور نہ ان سے کوئی مشورہ لیا جارہا ہے۔ ڈاکٹر کے لکشمن نے کہا کہ شہر حیدرآباد کی ترقی کے معاملہ میں گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے دعوے انتہائی مضحکہ خیز ہیں اور تمام اعلانات اور دعوے حقائق سے بعید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جی ایچ ایم سی کے تمام ادعاجات صرف زبانی جمع
خرچ کے سوا کچھ نہیں۔ قائد بی جے پی مقننہ پارٹی نے منتخبہ ارکان اسمبلی کو ملاقات کا وقت دینے سے چیف منسٹر کے انکار کے خلاف 13مئی کو گورنر تلنگانہ مسٹر ای ایس ایل نرسمہن سے ملاقات کرکے حکومت کے طرز عمل سے واقف کروانے کا اظہار کیا۔