نئی دہلی 17 فبروری ( پی ٹی آئی ) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو ان کی 61 ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کی ۔ مودی نے اپنے ٹوئیٹر پر کہا کہ وہ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کو ان کی سالگرہ پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کل کے سی آر سے ہوئی ملاقات کا بھی تذکرہ کیا ۔ چندر شیکھر راؤ نے کل وزیر اعظم سے یہاں ملاقات کی تھی جبکہ یہ اطلاعات گشت کر رہی تھیں کہ ٹی آر ایس بہت جلد این ڈی اے میں شامل ہوجائیگی اور تلنگانہ کی اس جماعت کو مرکزی کابینہ میں ایک قلمدان بھی دیا جاسکتا ہے ۔ ٹی آر ایس کے ذرائع کے بموجب چندر شیکھر راؤ کی کل نریندر مودی سے ملاقات 20 منٹ کی رہی تھی ۔ سمجھا جاتا ہے کہ اس ملاقات کے موقع پر کئی اہم مسائل بشمول نو تشکیل شدہ تلنگانہ کیلئے علیحدہ ہائیکورٹ کے مسئلہ پر اس ملاقات کے موقع پر بات چیت ہوئی ہے ۔