تلنگانہ کی تیز رفتار ترقی کیلئے 14نکاتی منشور مطالبات کی پیشکشی، پولاورم پراجکٹ پر خاموشی
نئی دہلی۔/7جون، ( پی ٹی آئی) تلنگانہ کے پہلے چیف منسٹر کی حیثیت سے اپنے پہلے دورہ دہلی کے موقع پر ٹی آر ایس کے سربراہ کے چندر شیکھر راؤ نے آج صدر جمہوریہ پرنب مکرجی اور وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ وزیر اعظم سے ملاقات کے دوران چیف منسٹر تلنگانہ نے اپنی ریاست کی ترقی کیلئے 14مطالبات پیش کئے اور نوتشکیل شدہ ریاست سے متعلق اے پی تنظیم جدید قانون کے تحت دیئے گئے تمام تیقنات پر تیز رفتار عمل آوری کی ضرورت پر زور دیا تاہم یہ بات بھی دلچسپ ہے کہ چندر شیکھر راؤ کی جانب سے نریندر مودی سے کئے گئے مطالبات کی ایک فہرست میں جو میڈیا کیلئے جاری کی گئی تھی ضلع کھمم کے 7منڈلوں کو پولاورم پراجکٹ پر عمل آوری کے مقصد سے آندھرا پردیش کو منتقلی سے متعلق آرڈیننس کا کوئی تذکرہ ہی نہیں کیا گیا حالانکہ کے چندر شیکھر راؤ نے اس آرڈیننس کی شدید ترین مخالفت کی تھی۔ منشور مطالبات کے مطابق چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے تلنگانہ کو بھی آندھرا پردیش کے مساوی خصوصی زمرہ کا موقف دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے اس بات کیلئے زور دیا کہ نئی ریاست تلنگانہ کو ہماچل پردیش اور اُترکھنڈ کی طرز پر ٹیکس ترغیبات دی جائیں۔ انہوں نے یاد لایا کہ اے پی تنظیم جدید قانون میں اس کا وعدہ کیا گیا ہے۔ سابر متی ریور فرنٹ کے فروغ کا حوالہ دیتے ہوئے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ موسی ندی کے تحفظ کے منصوبہ کو بھی نظامت قومی دریائی تحفظ کی جانب سے منظوری دی جائے اور اس مقصد کیلئے حیدرآباد کو 923کروڑ روپئے منظور کئے جائیں۔ دیگر مطالبات میں پرانہیتا چیوڑلہ کو قومی پراجکٹ قرار دینے، تلنگانہ کے پسماندہ علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر اور قاضی پیٹ ریلوے ڈیویژن کے علاقہ میں انفراسٹرکچر کی فراہمی شامل ہے۔چندر شیکھر راؤ نے بعد ازاں صدر جمہوریہ پرنب مکرجی سے ملاقات کی اور انہیں تلنگانہ میں منعقد شدنی عالمی ساجھیداری چوٹی کانفرنس میں شرکت کیلئے مدعو کیا۔ چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ مجوزہ کانفرنس میں 160ممالک کے مندوبین شرکت کریں گے۔ ٹی آر ایس کے سینئر لیڈر جتندر ریڈی نے دونوں مرکزی قائدین سے ملاقات کے بارے میں اخباری نمائندوں کو واقف کرواتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر نے 9جون کو تلنگانہ اسمبلی اجلاس کے آغاز سے قبل صدرہند اور وزیر اعظم سے ملاقات کی ہے۔ جتندر ریڈی بھی ٹی آر ایس کے ان ارکان پارلیمنٹ میں شامل تھے جو صدر مکرجی اور وزیر اعظم مودی سے چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی ملاقات کے موقع پران کے ساتھ تھے۔ پولاورم پراجکٹ کو ساتھ منڈلوں کی منتقلی کے آرڈیننس سے متعلق ایک سوال پر جتندر ریڈی نے جواب دیا کہ کے سی آر اتوار کو پریس کانفرنس میں ایسے تمام سوالات کا جواب دیں گے۔