حیدرآباد ۔ 4 ۔ فروری(سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کل نئی دہلی روانہ ہوں گے، بتایا جاتا ہے کہ وہ 5 دن تک دہلی میں قیام کرتے ہوئے تلنگانہ ریاست کو درپیش مسائل کے سلسلہ میں مرکز سے نمائندگی کریںگے۔ چیف منسٹر 8 فروری کو وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے طلب کردہ نیتی آیوگ کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اسی دن ان کی وزیراعظم سے علحدہ ملاقات ہوگی جس میں تلنگانہ ریاست کو درپیش مسائل کے سلسلہ میں نمائندگی کی جائے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ آندھراپردیش تنظیم جدید قانون کے تحت مختلف شعبوں میں تلنگانہ ریاست کی حصہ داری میں آندھراپردیش کی جانب سے ناانصافیوں کی شکایت کی جائے گی ۔ برقی اور دیگر شعبوں کی ترقی میں مرکز سے تعاون کی اپیل کی جاسکتی ہے۔ تلنگانہ حکومت کی جانب سے شروع کی گئی بعض نئی اسکیمات اس سلسلہ میں مرکز سے تعاون کی خواہش کی جائے گی۔ چیف منسٹر کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ چندر شیکھر راؤ تقریباً 10 مرکزی وزراء سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے متعلقہ وزارتوں سے مربوط مسائل پر نمائندگی کریں گے۔
کے سی آر کا خواب
پورا نہیں ہوگا: شنکر راؤ
حیدرآباد۔/4فبروری، ( آئی این این ) کانگریس سینئر لیڈر و سابق وزیر ڈاکٹر پی شنکر راؤ نے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھرراؤ کے مشن 140 کو دن کا خواب قرار دیا جو کبھی پورا نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سال 2019 کانگریس کا سال ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کے چندر شیکھرراؤ آئندہ انتخابات میں 140نشستوں پر کامیابی کا خواب دیکھ رہے ہیں لیکن ایسا ہونے والا نہیں ہے۔ انہوں نے کے سی آر سے خواہش کی کہ وہ صنعت نگر ضمنی انتخابات میں کامیابی کے بعد اس طرح کے بلند بانگ دعوے کریں۔ کے سی آر کا مشن 140 اسوقت اہمیت کا حامل سمجھا جائے گا جب وہ آئندہ ضمنی انتخابات میں کامیابی حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی کو چیف منسٹر کے فریب کا پتہ چل چکا ہے اور وہ آئندہ ضمنی انتخابات میں ٹی آر ایس کو مسترد کردیں گے۔ انہوں نے کے سی آر پر ہوائی قلعے بنانے کا الزام عائد کیا۔