چندر شیکھر راؤ پر تلگو عوام میں منافرت پیدا کرنے کا الزام

حیدرآباد میں رہنے والے سیما آندھرا عوام کو مشکلات کا سامنا ، اے پی وزیر نارائنا کا بیان
حیدرآباد ۔ 11 ۔ اگست : ( آئی این این) : ریاست آندھرا پردیش کے وزیر بلدی نظم ونسق پی نارائنا نے آج چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ پر الزام عائد کیا کہ وہ تلگو بولنے والے عوام میں دشمنی پیدا کررہے ہیں ۔ یہاں ایم ایل سی پوسٹ کے لیے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے مخاطب کرتے ہوئے مسٹر نارائنا نے الزام عائد کیا کہ حیدرآباد اور تلنگانہ کے دیگر مقامات پر رہنے والے سیما آندھرا کے عوام کے ساتھ نا انصافی کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیما آندھرا کے عوام کی جائیدادوں کو غیر قانونی اسٹرکچرس قرار دیتے ہوئے نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ حیدرآباد کی ترقی میں سیما آندھرا عوام کے رول اور سرمایہ کاری کو بالکلیہ طور پر نظر انداز کردیا گیا ہے ۔ مسٹر نارائنا نے کہا کہ اس سلسلہ میں گورنر ای ایس ایل نرسمہن سے ایک نمائندگی کی گئی ہے اور انہوں نے اس کا جائزہ لینے کا تیقن دیا ہے ۔ یہ کہتے ہوئے کہ سیما آندھرا کے عوام کئی چیالنجس کا سامنا کررہے ہیں ۔ انہوں نے اس کے لیے چندر شیکھر راؤ کو مورد الزام ٹہرایا ۔ جب کہ دوسری جانب چیف منسٹر آندھرا پردیش نارا چندرا بابو نائیڈو دونوں ریاستوں کے تلگو عوام کے مسائل کو حل کرنے کیلئے کام کررہے ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں جس میں ان سے پوچھا گیا کہ آیا تلگو دیشم پارٹی نے دوسری جماعتوں کے قائدین کو ٹی ڈی پی میں شامل کرنے کیلئے ان کیلئے کشش پیدا کرنے ’ آپریشن آکرشن ‘ کا آغاز کیا ہے ، انہوں نے اس طرح کے کسی اقدام کا انکار کیا ہے اور کہا کہ کئی قائدین جیسے نیلور مئیر وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے عبدالعزیز چندرا بابو نائیڈو کی پالیسیوں کے باعث خود ہی پارٹی میں شامل ہورہے ہیں ۔۔