چندر شیکھر راؤ میڈیا پر کنٹرول نہیں کرسکتے : پنالہ لکشمیا

حیدرآباد 18 ستمبر ( این ایس ایس ) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی پنالہ لکشمیا نے آج ٹی آر ایس حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ میٹرو ریل پراجیکٹ کے کاموں پر متنازعہ رویہ اختیار کر رہی ہے ۔ میڈیا سے غیر رسمی بات چیت میں انہوں نے سوال کیا کہ آیا واقعی ایل اینڈ ٹی نے میٹرو ریل پر حکومت کو کوئی مکتوب روانہ کیا ہے ۔ انہوں نے میڈیا کے تعلق سے چندرشیکھر راؤ کے رویہ پر تنقید کی اور کہا کہ میٹرو ریل پراجیکٹ پر رپورٹس کے سلسلہ میں میڈیا کو نشانہ نہیں بنایا جاسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت پہلے ہی دو چینلس کو نشانہ بناچکی ہے اور وہ اب مابقی میڈیا کو بھی دبانے کی کوشش کر رہی ہے ۔ انہوں نے چیف منسٹر پر ڈکٹیٹر جیسا رویہ اختیار کرنے کا الزام عائد کیا ۔