چندر شیکھر راؤ ’ بوگس ‘ چیف منسٹر ‘ عوام سے وعدے فراموش

ٹی آر ایس کے خلاف عوامی ناراضگی پر دیوی دیوتا یاد آگئے ‘ اتم کمار ریڈی
حیدرآباد 26 فبروری ( این ایس ایس ۔ آئی این این ) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو ’ بوگس ‘ چیف منسٹر قرار دیتے ہوئے تلنگانہ پردیش کانگریس کے سربراہ این اتم کمار ریڈی نے اس یقین کا اظہار کیا کہ کانگریس پارٹی 2019 کے انتخابات میں ریاست میں برسر اقتدار آئے گی ۔ یہاں شاد نگر میں جن اویدھنا اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیا کہ چندر شیکھر راؤ نے ہر گھر میں روزگار فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا وہ ریاست میں ہر گاوں میں ایک روزگار فراہم کرنے میں بھی ناکام ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں کے سی آر کے اقتدار میں کسانوں کی خود کشی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے کے سی آر سے کہا کہ وہ عوام کو بتائیں کہ وہ کسانوں کو ان پٹ سبسڈی فراہم کرنے میں کیوں ناکام ہوگئے ہیں۔ آئی این این کے بموجب اتم کمار ریڈی نے چیف منسٹر پر ریاست میں بیروزگار نوجوانوں کو دھوکہ دینے کا الزام عائد کیا ۔ وہ اقتدار کے 33 مہینے گذرجانے کے بعد بیروزگار نوجوانوں کو سرکاری ملازمتیں فراہم کرنے کے وعدہ کی عدم تکمیل پر اب کوئی بہانہ پیش کرنے کے موقف میں بھی نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کے خلاف وعدوں کی عدم تکمیل پر عوام میں جو ناراضگی پیدا ہو رہی ہے اس سے کے سی آر ذہنی طور پر پریشان ہیں۔ اب چونکہ انہیں احساس ہوگیا ہے کہ وہ عوام کو اب مزید گمراہ نہیں کرسکتے اور نہ دھوکہ دے سکتے ہیںاس لئے وہ دیوی دیوتاؤں سے رجوع ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار کے نشے میں کے سی آر دیوی دیوتاوں کو بھی فراموش کرچکے تھے ۔ یہی وجہ تھی کہ انہیں اپنی منت 33 مہینوں تک بھی یاد نہیں آئی تھی ۔ کانگریس پارٹی نے جب عوامی مسائل پر احتجاج شروع کیا تو کے سی آر کو اپنی منتیں ایک کے بعد ایک یاد آگئیں۔ تاہم چندر شیکھر راؤ اپنی شخصی منتوں کو پورا کرنے سرکاری خزانہ کا استعمال کرتے ہوئے غلطی کر رہے ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر نے جب دیوی دیوتاؤں سے کی گئی منت کو 33 مہینوں تک فراموش کردیا تو لوگ تصور کرسکتے ہیں کہ ان کے ساتھ کیا کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کو خود یہ واضح کرنے کی ضرورت ہے کہ انہوں نے انتخابی مہم کے دوران یہ وعدہ کیا تھا یا نہیں کہ وہ ہر گھر کو روزگار فراہم کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے اپنے اقتدار میںریاست میں ایک لاکھ سرکاری جائیدادوں پر تقررات عمل میں لائے تھے ۔ ٹی آر ایس نے اس عمل کو روک دیا ہے ۔ اس کاکہنا تھا کہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد روزگار فراہم کئے جانے چاہئیں ۔ اب کے سی آر بی شرمی سے کانگریس کو مورد الزام ٹہرا رہے ہیں ۔ انہوں نے سالانہ دو کروڑ روزگار فراہم کرنے کے وعدہ کی عدم تکمیل پر وزیر اعظم نریندر مودی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ نوٹ بندی کے ذریعہ ملک کی معاشی ترقی کو روک دیا گیا ہے اور اس فیصلے سے خاص طور پر زرعی شعبہ اور صنعتیں متاثر ہوئی ہیں۔